خبریں

مرکزی حکومت نے اروند کیجریوال کو ڈنمارک کلائمیٹ چینج کانفرنس میں شامل ہونے کی نہیں دی اجازت

عام آدمی پارٹی نے کہا کہ تقریباً ڈیڑھ مہینے پہلے درخواست کے باوجود دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کو ڈنمارک میں ہونے والے سی-40 کلائمیٹ چینج کانفرنس میں شامل ہونے کی منظوری نہیں ملی، جبکہ اسی پروگرام کے لئے مغربی بنگال کے وزیر کو اجازت مل گئی ہے۔

اروند کیجریوال(فوٹو : پی ٹی آئی)

اروند کیجریوال(فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال سی-40 کلائمیٹ چینج کانفرنس میں شامل نہیں ہوں‌گے۔ منگل کو سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزارت خارجہ نے اس دورے کے لئے کیجریوال کو سیاسی منظوری دینے سے منع کر دیا۔ دہلی حکومت کے ذرائع نے بتایا کہ کیجریوال منگل کو دوپہر دو بجے کانفرنس کے لئے روانہ ہونے والے تھے۔

کیجریوال کانفرنس میں ہندوستان کے آٹھ رکنی وفد کی قیادت کرنے والے تھے۔ ذرائع کے مطابق، وزارت خارجہ نے مغربی بنگال کے اربن ڈیولپمنٹ  کے وزیر فرہاد حکیم کو کانفرنس میں شامل ہونے کی منظوری دے دی ہے۔ کانفرنس میں کیجریوال دہلی  میں عآپ حکومت کے ذریعے پالیوشن کنٹرول  کرنے کے لیے کی گئی کوششوں  سمیت کئی دیگر مدعوں پر خطاب کرنے والے تھے۔پچھلے ہفتے کیجریوال کے ڈنمارک دورے کے بارے میں پوچھے جانے پر وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ تمام اطلاعات کو دھیان میں رکھ‌کر کوئی بھی فیصلہ لیا جائے‌گا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا ‘ میں سیاسی منظوری کے لئے سوالوں کا جواب نہیں دینا چاہتا۔ اگر آپ سمجھدار ہیں تو آپ کو اس کے پروسیس  کے بارے میں پوری جانکاری ہوگی۔ ہمیں ہر مہینے وزارتوں، سکریٹریوں، نوکرشاہوں سے سیاسی منظوری کے لئے سینکڑوں درخواست ملتی ہیں۔ ایک فیصلہ کئی اطلاعات پر مبنی ہوتا ہے۔ ‘

انہوں نے کہا کہ کانفرنس کس طرح کی ہے،اس کا  بھی دھیان رکھا جاتا ہے جہاں آدمی حصہ لینے جا رہا ہے۔ دیگر ممالک کی شراکت داری کی سطح کو بھی دھیان میں رکھ‌کر اس طرح کی دعوت کو بھی منظوری دی جاتی ہے۔ 22 ستمبر کو دہلی حکومت نے ایک سرکاری بیان میں کہا تھا کہ وزیراعلیٰ کے ذریعے دہلی میں فضائی آلودگی کم کرنے کی عآپ  حکومت کی کوششوں اور تجربے کو چوٹی کانفرنس میں شیئر کرنے کی امید تھی۔عآپ  حکومت کی کوششوں کی بدولت دہلی کی فضائی آلودگی میں 25 فیصد تک کی کمی آئی ہے۔

عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن پارلیامان سنجےسنگھ نے  کہا، ‘ اس سے بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی امیج خراب ہوگی۔ لوگ کیا سوچیں‌گے کہ ہمارا وفاقی نظام  کیسے کام کرتا ہے۔ مرکزی حکومت ہمارے خلاف کیوں ہے؟ ‘ انہوں نے کہا، ‘ وہ یہ سمجھ نہیں پا رہے ہیں کہ مرکزی حکومت کیوں عآپ  کے ساتھ اس طرح کا غیرمنصفانہ سلوک  کر رہی ہے۔ اروند کیجریوال چھٹی منانے کے لئے ڈنمارک نہیں جا رہے تھے۔ ان کو 100 شہروں کے میئر سے آلودگی کے خلاف لڑائی لڑنے کے طریقوں پر گفتگو کرنی تھی۔ ‘

سنگھ نے مرکزی حکومت سے سوال کیا، ‘ وزیراعلیٰ کے کتنے سرکاری دورے آج تک رد کئے گئے ہیں؟ کیجریوال نے تقریباً ڈیڑھ مہینے پہلے درخواست دی تھی، لیکن منظوری نہیں مل سکی۔ جبکہ اسی پروگرام میں جانے کے لئے مغربی بنگال کے وزیر کو اجازت مل گئی ہے۔ ‘

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)