اتر پردیش کے بلند شہر میں ہوا حادثہ۔ ویشنو دیوی سے زیارت کرکے لوٹ رہے عقیدت مند جمعہ کی صبح ضلع کے نرورا واقع گنگا گھاٹ پہنچے تھے اور آرام کرنے کے لیے سڑک کنارے سو گئے تھے۔ ہلاک ہونے والے سبھی لوگ ایک ہی خاندان سے ہیں ۔
نئی دہلی : اتر پردیش کے میرٹھ ڈویژن کے بلند شہر میں ایک سڑک حادثے میں نروررا کے گاندھی گھاٹ کے نزدیک سڑک کنارے سو رہے سات عقیدت مندوں کی بس سے کچل کر موت ہوگئی ۔جمعہ کی صبح کو ہوئے اس حادثے میں ہلاک ہونے والے تین بچے اور چار عورتیں ہیں ۔ سبھی عقیدت مند ویشنو دیوی کی زیارت سے لوٹ رہے تھے ۔
ایس ایس پی سنتوش کمار سنگھ نے بتایا کہ ہاتھرس ضلع کے تھانہ چندپا حلقہ کی باشندہ پھول وتی کی فیملی کچھ گاؤں والوں اور رشتہ داروں کے ساتھ بس سے تیرتھ یاترا پر نکلی تھی ۔ ویشنو دیوی سے زیارت کرکے لوٹ رہے سبھی عقیدت مند جمعہ کی صبح نرورا کے گاندھی گھاٹ پہنچے تھے ۔ وہ وہیں پر بس سے اتر کر سڑک کنارے سو گئے ۔
جمعہ کی صبح تقریباً 4 بجے عقیدت مندوں سے بھری ایک بس نے سڑک کنارے سو رہے عقیدت مندوں کو کچل دیا۔
حادثے کے بعد ملزم ڈرائیور فرار ہوگیا۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس حادثے پر دکھ کا اظہا رکیا ہے اور سبھی ہلاک ہونے والے کی فیملی کو دو –دو لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
ایس ایس پی کے مطابق، ہلاک ہونے والے سبھی لوگ ایک ہی فیملی سے ہیں ۔ ان کے نام پھول وتی (65)، مالا دیوی(32)، شیلا دیوی(35)، یوگیتا(5)، کلپنا(4)، رینو(22) اور سنجنا(4) ہیں۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں