معاملہ بوکاروتھرمل تھانہ حلقہ کے گووندپور کالونی کا ہے،جہاں بیٹری چرانے کے الزام میں بھیڑ نے دو لوگوں کو باندھ کر پیٹا۔پولیس نے معاملے میں 5 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔
نئی دہلی: جھارکھنڈ کے بوکارو تھرمل تھانے کی گووند پور کالونی میں بیٹری چوری کے الزام میں پکڑے گئے دو نوجوانوں کی بھیڑ نے جم کر پٹائی کی، جس میں ایک کی موت ہو گئی جبکہ دوسرا شدید طور پر زخمی ہے۔ دینک بھاسکر کے مطابق،زخمی ملزم کو علاج کے لیے بوکارو جنرل ہاسپٹل ریفرکیا گیا ہے۔پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج کر معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔
پربھات خبر کی رپورٹ کے مطابق،5 لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان میں دو عورتیں بھی ہیں۔مرنے والے کی پہچان مبارک انصاری جبکہ زخمی شخص کی پہچان اختر انصاری کے طور پر ہوئی ہے۔الزام ہے کہ منگل کی رات کو دونوں گووندپور کالونی واقع سروس سینٹر کے پاس کھڑی گاڑی سے پیٹری چوری کر رہے تھے۔ اس دوران ان کو کسی نے دیکھ لیا اور شور مچا دیا۔
اس کے بعد کالونی کے لوگوں نے دونوں کو پکڑ کر کھمبے سے باندھ کر ان کی پٹائی کی۔اس دوران بوکارو تھرمل تھانہ انچارج امیش کمار ٹھاکر موقع پر پہنچے اور دونوں کو بھیڑ سے چھڑا کر ہاسپٹل پہنچایا ۔مقامی ہاسپٹل میں ڈاکٹروں نے مبارک انصاری کو مردہ قرار دے دیا۔وہیں اختر انصاری کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
معاملے میں پولیس نے سروس سینٹر کے مالک ہیم لال مہتو، کندن مہتو اور دو خواتین کو حراست میں لیا ہے۔وہیں مرنے والے کے رشتہ دار تاج الدین انصاری کا کہنا ہے کہ معاملے میں انصاف ہو اور مجرمین کے خلاف سخت کارروائی ہو۔ واقعہ کے بعد گووند پور کالونی اور ہاسپٹل میں پولیس فورس تعینات لر دی گئی ہے۔
Categories: خبریں