خبریں

دہلی: پرگتی میدان میں بنے‌ گا فائیو اسٹار ہوٹل، مرکزی حکومت نے دی منظوری

حکومت پرگتی میدان کی زمین کے استعمال سے آمدنی حاصل کرنا چاہتی ہے، جس کے لئے زمین کے منیٹائزیشن کے تحت وہاں ایک فائیو اسٹار ہوٹل بنایا جائے گا۔

 پرگتی میدان کوعالمی سطح کا بنانے کے مقصد کے لئے ہونے والی تعمیرات کے لئے میدان میں بنے مشہور' ہال آف نیشنس 'کے ڈھانچے کو اپریل 2017 میں گرا دیا گیا تھا۔ (فائل فوٹو : پی ٹی آئی)

پرگتی میدان کوعالمی سطح کا بنانے کے مقصد کے لئے ہونے والی تعمیرات کے لئے میدان میں بنے مشہور’ ہال آف نیشنس ‘کے ڈھانچے کو اپریل 2017 میں گرا دیا گیا تھا۔ (فائل فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: پرگتی میدان پر فائیو اسٹار ہوٹل بنے‌گا، مرکزی کابینہ کے اجلاس میں بدھ کو اس سے متعلق تجویز کو منظوری مل گئی ہے۔حکومت پرگتی میدان کی زمین کا استعمال کر کے آمدنی حاصل کرنا چاہتی ہے۔ پرگتی میدان کی زمین کےمنیٹائزیشن کے تحت وہاں ایک فائیو اسٹار ہوٹل بنایا جائے گا۔ساتھ ہی وہاں عالمی سطح  کی نمائش اور کنونشن سینٹر تیار کرنے کا کام آگے بڑھایا جارہا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کو ہوئے مرکزی کابینہ کے اجلاس میں اس مقصد کے لئے 3.7 ایکڑ اضافی زمین کی منتقلی کو بدھ کو منظوری دی گئی۔ مرکزی وزیرپرکاش جاویڈکر نے نامہ نگاروں کو کابینہ کے اس فیصلے کی جانکاری دی۔

ایک سرکاری ریلیز کے مطابق، انڈیا ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن(آئی ٹی پی او)کو پرگتی میدان پر99 سال کے لیز ہولڈ کی بنیاد پر 3.7 ایکڑ اراضی کو منتقل کرنے کا اختیار دیا گیا۔ اس فا ئیو اسٹارہوٹل کی ترقی اور ریگولیشن کے لئے انڈین ٹورزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن(آئی ٹی ڈی سی)اور انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورزم کارپوریشن(آئی آر سی ٹی سی)ایک مخصوص مقصد کی کمپنی (ایس پی وی) کی تشکیل کریں‌گے۔ ایس پی وی کے لئے611 کروڑ روپے کی قیمت پر 99 سال کے لیز ہولڈ کے تحت 3.7 ایکڑ اراضی کو منتقل کرنے کے لئے آئی ٹی پی او کو اختیار دیا گیا ہے۔ یہ وزارت تجارت کے تحت کام کرتاہے۔

 اس میں کہا گیاہے کہ انٹرنیشنل نمائش اور کنونشن سینٹر(آئی ای سی سی)کے منصوبہ کی عمل آوری کا کام تیزی سے چل رہا ہے۔ اس کے 2020-21 تک پورے ہونے کا امکان ہے۔ پرگتی میدان پرہوٹل کی تعمیر کا کام جلد ختم کرنے کے لئے ایس پی وی ضروری قدم اٹھائے‌گی، جن میں لمبی مدت کی لیز کی بنیاد پر ہوٹل کی تعمیر، ریگولیشن اور انتظام وانصرام کے لئےشفاف اور مقابلہ جاتی ٹینڈر کی کارروائی کے تحت تیسرا فریق ڈیولپر اور آپریٹر کا انتخاب شامل ہے۔ یعنی ہوٹل چلانے کے لئے ایجنسی وغیرہ چننے کی ذمہ داری ایس پی وی کی ہی ہوگی۔

بتایا گیا ہے کہ آئی ٹی پی او پرگتی میدان کی بازترقی کر کے اس کو عالمی معیار کی آئی ای سی سی بنانے کے لئے ایک میگا منصوبہ کو نافذ کر رہا ہے۔ ہوٹل آئی ای سی سی منصوبے کی قدرو قیمت میں اضافہ کرے‌گا اور ہندوستانی تجارت اور صنعت کو فائدہ پہنچائےگا۔ پرکاش جاویڈکر نےکہا کہ پرگتی میدان میں ہرسال منعقد ہونے والے عالمی تجارت میلا میں لاکھوں لوگ پہنچتے ہیں۔ پرگتی میدان میں ہونے والی اس بازترقی کا فائدہ یہاں آنے والےتمام تاجروں کو ملے‌گا۔ یہاں بننے والے ہوٹل میں تجارت کے سلسلے میں اجلاس اورکانفرنس کا انعقاد کیا جائے‌گا۔

واضح  ہو کہ سال2017 میں پرگتی میدان کو عالمی معیار کا بنانے کے مقصدسے ڈھائی ہزار کروڑ روپے کاپروجیکٹ بنایا گیا تھا، جس کے لئے میدان کے ایک حصے کو توڑا گیا تھا۔ تب میدان نمائش اورکنوینشن سینٹر تیار کرنے کے لئے جولائی 2019 کا ٹارگیٹ رکھاگیا تھا۔ بتایا گیا تھا کہ یہاں بننے والا کنونشن سینٹر، موجودہ وگیان بھون سےبھی پانچ گنا بڑا ہوگا۔ یہاں نمائش کے لئے ایک لاکھ 22 ہزار مربع میٹر اسپیس دستیاب ہوگا۔ اس کے علاوہ چار ایمفی تھیٹر اور سات نئے نمائشی ہال بنائے جائیں‌گے۔

 تب بھی یہ بتایاگیا تھاکہ 123 ایکڑ میں پھیلے پرگتی میدان میں تین ایکڑ پر ایک ہوٹل بھی بنایاجائے‌گا۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ا ن پٹ کے ساتھ)