خبریں

مہاراشٹر: سیپٹک ٹینک صاف کرتے وقت تین مزدوروں کی موت، سوسائٹی کا خزانچی گرفتار

ممبئی کے گوونڈی علاقے میں ہوا حادثہ۔ پولیس نے بتایا کہ دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی تین مزدوروں کی موت۔

(علامتی فوٹو : پی ٹی آئی)

(علامتی فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: ممبئی کے گوونڈی علاقے میں گزشتہ سوموار کو ایک رہائشی سوسائٹی کے سیپٹک ٹینک میں صفائی کے دوران تین مزدوروں کی موت وہ گئی۔اس  سے متعلق سوسائٹی کے ایک عہدے دار کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سوموار کو تین مزدور وشوجیت دیوناتھ(32)،سنتوش پربھاکر کلسیکر(45)، اور گووند سنگرام چھورٹیا(34)سیپٹک ٹینک کی صفائی کرنے کے لیے اندر گھسے اور وہیں پھنس گئے۔

افسروں نے بتایا کہ مزدوروں کو فائر بریگیڈ اور این ڈی آر ایف اہلکاروں کی مدد سے باہر نکال کر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کو مردہ قرار دے دیا۔پولیس کے ایک افسر نے منگل کو بتایا کہ مزدوروں کی سوموار کو دم گھٹنے کی وجہ سے اس وقت موت ہو گئی جب وہ Slum Rehabilitation Authorityکی 22 منزلہ عمارت موریہ سوسائٹی میں سیپٹک ٹینک کو صاف کر رہے تھے۔

یہ عمارت گوونڈی کے گنیش واڑی علاقے میں ہے۔ ان مزدوروں کو ٹھیکے پر رکھا گیا تھا۔ پولیس ڈپٹی کمشنر(زون 6)ششی کمار مینا نے بتایا کہ حادثے کے بعد سوموار دیر رات کو سوسائٹی کے خزانچی پون وشوناتھ پالو(40)کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ایک دیگر پولیس افسر نے بتایا کہ پالو کو تب گرفتار کیا گیا جب یہ پتہ چلا کہ ٹھیکے پر رکھے گئے مزدوروں کے پاس سیپٹک ٹینک صاف کرنے کا کوئی تجربہ نہیں تھا۔

انھوں نے کہا،’ملزم نے مزدوروں سے بنا ان کو حفاظتی آلات مہیا کرائے سیپٹک ٹینک میں گھسنے کے لیے کہا۔جب وہ ٹینک کی صفائی کر رہے تھے تب ملزم وہاں موجود نہیں تھا۔’مینا نے بتایا کہ ملزم پر آئی پی سی کی دفعہ 304 اے(لاپرواہی سے ہوئی موت)کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)