خبریں

بی جے پی جنرل سکریٹری کی دھمکی-سنگھ کے افسر یہاں ہیں، نہیں تو آج آگ لگا دیتا اندور میں

بی جے پی جنرل سکریٹری کیلاش وجئے ورگیہ نے الزام لگایا ہے کہ اندور میں ضلع انتظامیہ بی جے پی کارکنان کے خلاف سیاسی بدنیتی سے ترغیب پاکر کارروائی کر رہا ہے۔ اسی دوران انہوں نے افسروں کو یہ دھمکی دی۔ اس سے پہلے ایک ویڈیو میں ان کے بیٹے آکاش وجئے ورگیہ میونسپل کارپوریشن کے ایک افسر کو بلے سے پیٹتے نظر آئے تھے۔

کیلاش وجئے ورگیہ (فوٹو : پی ٹی آئی)

کیلاش وجئے ورگیہ (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: سوشل میڈیا پر جمعہ کو سامنے آئے بی جے پی جنرل سکریٹری کیلاش وجئے ورگیہ کے ویڈیو پر تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ اس ویڈیو میں وجئے ورگیہ اپنے آبائی شہر اندور میں سرکاری افسروں کو مبینہ طور پر دھمکاتے ہوئے یہ کہتے سنائی پڑ رہے ہیں کہ ‘ ہمارے سنگھ کے افسر (یہاں) ہیں، نہیں تو آج آگ لگا دیتا اندور میں۔ ‘

بی جے پی جنرل سکریٹری کا یہ ویڈیو تب سامنے آیا ہے، جب راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے اندرونی اجلاس کے لئے تنظیم کے صدر موہن بھاگوت اور اس کے دیگر اعلیٰ افسر شہر میں ہی ہیں۔ چشم دید نے بتایا کہ یہ ویڈیو وجئے ورگیہ کی رہنمائی میں بی جے پی کے مقامی عوامی نمائندوں کے ریز ڈینسی علاقے میں جمعہ دوپہر کئے گئے دھرنا-مظاہرہ کا ہے۔ اس دوران وجئے ورگیہ نے الزام لگایا کہ ضلع انتظامیہ شہر میں بی جے پی کے کارکنان کے خلاف تعصب آمیز اور سیاسی بدنیتی سے ترغیب پاکر کارروائی کر رہا ہے۔

اس مدعے پر بی جے پی رہنماؤں نے پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسروں کو  گفتگو کے لئے بلایا تھا۔ لیکن وہ نہیں آئے۔ بعد میں جب کچھ ماتحت سرکاری افسر مظاہرین کے پاس پہنچے، تو وجئے ورگیہ نے اعلیٰ افسروں کے رویے پر سخت ناراضگی ظاہر کی۔ سوشل میڈیا پر اپلوڈ کئے گئے اس ویڈیو میں وجئے ورگیہ کہتے سنائی پڑ رہے ہیں، ‘ کیا وہ (اعلیٰ افسر) اتنے بڑے ہو گئے؟ اتنی اوقات ہو گئی ہے ان کی؟ جب ہم تحریری  خط دے رہے ہیں کہ ہم آپ سے ملنا چاہتے ہیں تو اتنے بڑے افسر ہو گئے ہیں کیا؟ ان کو سمجھنا چاہیے کہ وہ عوام کے نوکر ہیں۔ ‘

ناراض وجئے ورگیہ کو خاموش کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ایک انتظامی افسر ان سے کہتے سنائی پڑ رہے ہیں کہ اعلیٰ افسروں سے بی جے پی رہنماؤں کے خط  کے بارے میں اس کو نہ تو کوئی جانکاری ہے، نہ ہی اس سے کسی طرح کی چرچہ  کی گئی ہے۔

وجئے ورگیہ ویڈیو میں آگے کہتے سنائی پڑ رہے ہیں، ‘ آخر کچھ پروٹوکال ہوتا ہے کہ نہیں ہوتا ہے۔ یہ خط لکھا ہے ان کو کہ ہم ملنا چاہتے ہیں۔ اب یہ بھی اطلاع نہیں دو‌گے کہ ہم باہر ہیں شہر سے۔ یہ ہم اب برداشت نہیں کریں‌گے۔ وہ تو ہمارے سنگھ کے افسر (یہاں) ہیں، نہیں تو آگ لگا دیتا اندور میں۔ ‘ ادھر، صوبہ میں حکمراں کانگریس نے اس ویڈیو کی بنیاد پر بی جے پی جنرل سکریٹری کیلاش وجئے ورگیہ کے خلاف قانونی کارروائی کی مانگ کی ہے۔

ریاستی کانگریس ترجمان نیلابھ شکلا نے کہا، ‘ سرکاری افسروں کو کھلےعام دھمکاتے ہوئے شہر میں آگ لگانے کی بات کرنے والے وجئے ورگیہ پر مجرمانہ مقدمہ درج کیا جانا چاہیے۔ ‘

غور طلب ہے  کہ اس سے پہلے ایک ویڈیو میں ان کے بیٹے آکاش وجئے ورگیہ میونسپل کارپوریشن کے افسر کو بلے سے پیٹتے نظر آئے تھے۔ گزشتہ سال جون کے مہینے میں ایک بوسیدہ  مکان گرانے گئے اندور میونسپل کارپوریشن کی ٹیم کے ساتھ ہوئے تنازعہ کے دوران بی جے پی ایم ایل اے آکاش وجئے ورگیہ نے ایک افسر کو بلے سے پیٹ دیا تھا۔ اس کے بعد اس افسر کو آئی سی یو میں بھرتی کرانا پڑا تھا۔

 (خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)