خبریں

کیجریوال نے ’گارنٹی کارڈ‘ جاری کیا، طلبا کے لیے مفت بس سفر، محلہ مارشلوں کا وعدہ

’کیجریوال کی 10 گارنٹی‘  نام سے جاری کئے گئے کارڈ میں 200 یونٹ تک کی  مفت بجلی اسکیم جاری رکھنے، مفت صحت سہولیات، دو کروڑ پودے لگانے، صاف جمنا ندی اور اگلے پانچ سال کے دوران دہلی میں فضائی آلودگی کم کرنے کا وعدہ شامل ہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: دہلی کے  وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے اتوار کو ایک گارنٹی کارڈ جاری کیا جس میں 10 وعدے لسٹیڈ کئے گئے ہیں۔ ان وعدوں میں طلبا کے لیے مفت بس کا سفر اور خواتین کی سکیورٹی کے لیے ‘محلہ مارشل’ کی تعیناتی شامل ہے جو ان کی پارٹی ‘عآپ’ دہلی میں پھر سے چن کر آنے پر پورے کرے گی۔

‘کیجریوال کی 10 گارنٹی’ نام سے جاری کئے گئے کارڈ میں 200 یونٹ تک کی  مفت بجلی اسکیم جاری رکھنے، مفت صحت سہولیات، دو کروڑ پودے لگانے، صاف جمنا ندی اور اگلے پانچ سال کے دوران دہلی میں فضائی آلودگی کم کرنے کا وعدہ شامل ہے۔

کیجریوال نے کہا، ‘میں دہلی کے لوگوں کو 10 گارنٹی دے رہا ہوں۔ یہ کوئی مینی فسٹو نہیں ہے۔ ہم وسیع منشور اگلے سات سے 10 دنوں میں جاری کریں گے۔ مینی فسٹو میں اور چیزیں ہوں گی، خاص طور پر طلبا، اساتذہ وغیرہ  کے لیے۔ یہ سبھی کے لیے ہوگا۔’

انہوں نے کہا، ‘اپوزیشن کہہ رہا ہے کہ ہماری کئی اسکیم 31 مارچ تک ہی چلیں گی، اس لئے یہ ہماری گارنٹی ہے کہ یہ منصوبے اگلے پانچ سالوں  تک چلتے رہیں گے۔ 24 گھنٹے بجلی جاری رہے گی اور 200 یونٹ  مفت بجلی  اسکیم بھی جاری رہے گی۔’

‘گارنٹی کارڈ’ میں 11 ہزار سے زیادہ بسیں اور دہلی میٹرو نیٹ ورک کی لمبائی 500 کلومیٹر سے زیادہ  بڑھانے کا وعدہ بھی شامل ہے۔ کیجریوال نے کارڈ پر دستخط  کرنے کے بعد اسے جاری کیا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)