خبریں

بی جے پی کے نئے صدر چنے گئے جے پی نڈا

گزشتہ سال جون میں بی جے پی کے کارگزار صدر بنائے گئے جے پی نڈا امت شاہ کی جگہ بی جے پی کے نئے صدر بنے ہیں۔ موجودہ وقت میں وزیر داخلہ کی ذمہ داری نبھا رہے امت شاہ نے ساڑھے پانچ سالوں تک بی جے پی صدر کی ذمہ داری نبھائی۔

بی جے پی کے نئے صدر جے پی نڈا کے ساتھ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور مرکزی وزیر رادھاموہن سنگھ (فوٹو : پی ٹی آئی)

بی جے پی کے نئے صدر جے پی نڈا کے ساتھ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور مرکزی وزیر رادھاموہن سنگھ (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی کے سینئر رہنما جگت پرکاش نڈا سوموار کو بلا مقابلہ پارٹی کے نئے صدر منتخب کیے گئے۔ بی جے پی کے تنظیمی انتخاب کے صدر رادھاموہن سنگھ نے نڈا کے چنے جانے کا اعلان کیا۔ نامزدگی کا عمل مکمل ہونے کے بعد نڈا تنہا امیدوار بچے اور ان کو بلا مقابلہ منتخب قرار دیا گیا۔

اس سے پہلے تک نڈا کارگزار صدر کا کردار نبھا رہے تھے۔ گزشتہ سال جون میں بی جے پی کے کارگزار صدر مقرر کئے گئے نڈا امت شاہ کی جگہ پارٹی کے نئے صدر بنے ہیں۔ موجودہ وقت میں وزیر داخلہ کی ذمہ داری نبھا رہے شاہ نے ساڑھے پانچ سالوں تک بی جے پی صدر کی ذمہ داری نبھائی اور ان کے صدر رہتے 2019 کے لوک سبھا انتخاب میں بی جے پی نے اپنی سب سے بڑی جیت درج کی اور پورے ملک میں پارٹی کی توسیع ہوئی۔

بی جے پی کے سینئر رہنماؤں شاہ، راجناتھ سنگھ اور نتن گڈکری اور کئی وزیراعلیٰ اور رہنماؤں نے سوموار کو نامزدگی کے عمل کے دوران نڈا کے نام کی تجویز دی۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور سینئر بی جے پی رہنما لال کرشن آڈوانی سمیت دیگر پارٹی کے سینئر  رہنماؤں نے بی جے پی صدر دفتر میں نڈا کا استقبال کیا۔

بی جے پی رہنماؤں نے سوموار کو جے پی نڈا کی ‘ سادگی ‘ کی تعریف کرتے ہوئے بھروسہ جتایا کہ ان کے عظیم تنظیمی تجربے کا پارٹی کو فائدہ ملے‌گا اور ان کی قیادت میں پارٹی اچھا کام کرے‌گی۔ وزیر دفاع اور سابق بی جے پی صدر راجناتھ سنگھ نے نڈا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا، ‘ مجھے اعتماد ہے کہ پارٹی ان کی قیادت میں کامیابی حاصل کرے‌گی۔ اپنے تنظیمی تجربے کے لئے پہچانے جانے والے نڈا جی ہمیشہ سے پارٹی کے لئے اہم  رہے ہیں۔ ان کی کامیاب مدت کار  کی آرزو کرتا ہوں۔ ‘

مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے ایک رہنما کے طور پر نڈا کے مسلسل  آگے بڑھنے کی خواہش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ‘ ترغیبی ‘ کارکن رہے ہیں۔ پرساد نے کہا کہ ہماچل پردیش سے تعلق رکھنے والے نڈا تنظیم کے ایک شاندار رہنما ہیں اور مودی حکومت میں وہ ایک کامیاب وزیر صحت بھی رہے۔ انہوں نے کہا، ‘ نڈا کے پاس پارٹی رہنما اور منتظم کے طور پر بہترین تجربہ ہے۔ ‘

پارٹی رہنما اور مرکزی وزیر نریندر تومر نے کہا کہ نڈا کے پاس عظیم تنظیمی اور انتظامی تجربہ ہے اور امید ہے کہ پارٹی ان کی قیادت میں اور مضبوط ہوگی۔

گجرات کے وزیراعلیٰ وجئے روپانی نے کہا کہ شاہ کی قیادت میں پارٹی تنظیم مضبوط حالت میں ہے اور نڈا مستقبل میں بی جے پی کے لئے اور زیادہ کامیابی متعین کرنے کے لئے کام کریں‌گے۔ چھتیس گڑھ کے سابق وزیراعلیٰ اور بی جے پی کے نائب صدر رمن سنگھ نے بھی سادگی کے لئے نڈا کی تعریف کی اور اعتماد جتایا کہ شاہ کی قیادت میں آیا ‘ سنہرا دور ‘ جاری رہے‌گا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)