گجرات کانگریس کے رہنما اور پاٹیدار ریزرویشن تحریک کی قیادت کرنے والے ہاردک پٹیل کو 18 جنوری کو گرفتار کیا گیا تھا۔ پٹیل 2015 میں پاٹیدار ریزرویشن تحریک سے متعلق سیڈیشن کے معاملوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
نئی دہلی: گجرات کانگریس کے رہنما اور پاٹیدار ریزرویشن تحریک کی قیادت کرنے والے ہاردک پٹیل 18 جنوری سے لاپتہ ہیں۔ ہاردک کی بیوی کنجل نے یہ دعویٰ کیا ہے۔کنجل کا کہنا ہے کہ 18 جنوری 2020 سے ہاردک کا کوئی پتہ نہیں ہے۔ بتا دیں کہ ہاردک کو 18 جنوری کو سیڈیشن کے معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔
پٹیل کو شنوائی کے دوران پیش نہیں ہونے کے بعد عدالت کی طرف سے جاری غیر ضمانتی وارنٹ پر 18 جنوری کو گرفتار کیا گیا تھا۔پٹیل 2015 میں پاٹیدار ریزرویشن تحریک سے متعلق سیڈیشن کے معاملوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
ان کو چار دن بعد ضمانت دے دی گئی تھی لیکن پاٹن اور گاندھی نگر ضلعوں میں درج دو معاملوں کے بارے میں انہیں پھر سے حراست میں لے لیا گیا تھا۔ پٹیل کو 24 جنوری کو ان دونوں معاملوں میں ضمانت مل گئی تھی۔
نچلی عدالت نے ایک بار پھر شنوائی کے دوران حاضر نہیں ہونے پر سات فروری کو غیر ضمانتی وارنٹ جاری کر دیا تھا۔پاٹیدار ریزرویشن کے رہنماؤں کی طرف سے منعقد ایک پروگرام میں کنجل نے کہا، ‘ہاردک پٹیل کو 18 جنوری کو گرفتار کئے جانے کے بعد سے ان کا پتہ نہیں ہے۔ ہمیں نہیں پتہ کہ وہ کہاں ہیں، لیکن پولیس باربار آکر ہم سے ان کا پتہ پوچھتی ہے۔’
بتا دیں کہ 2015 کے آندولن میں حصہ لینے والے تقریباً 1500 لوگوں کے خلاف درج معاملوں کو واپس لینے کے لیے ریاستی حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے پاٹیدار رہنماؤں کی بیٹھک کا انعقاد کیا گیا تھا۔2015 میں پاٹیدار ریزرویشن تحریک کی قیادت کرنے کے بعد سے گجرات میں ہاردک پٹیل پر 20 سے زیادہ معاملے درج ہیں۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں