دہلی اسمبلی انتخاب میں عام آدمی پارٹی، بی جےپی اور کانگریس کے کئی قدآور رہنما جہاں بڑے فرق سے اپنی سیٹیں جیتتے دکھائی دے رہے ہیں وہیں کئی اہم چہرے ہارتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
نئی دہلی: دہلی میں اسمبلی انتخاب میں گنتی جاری ہے۔الیکشن کمیشن کے رجحانوں کے مطابق،عام آدمی پارٹی (عآپ) کو اکثریت ملتی ہوئی نظر آرہی ہے۔ وہیں سال 2015 کے مقابلے بڑھت بنانے کے باوجودبی جے پی کافی پیچھے چل رہی ہے۔الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پرتمام 70 سیٹوں کے رجحان سامنے آ چکے ہیں جس میں عآپ 56 سیٹوں پر آگے ہے جبکہ بی جے پی14 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔ پچھلے انتخاب میں صفر پر رہی کانگریس اس بار بھی کھاتا کھولتی ہوئی نہیں نظرآرہی ہے۔
ووٹ فیصد کی بات کریں تو عآپ 52.29 فیصدی ووٹوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی ہے۔ وہیں،بی جےپی39.34 فیصدی ووٹوں کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے۔ 2015 کے اسمبلی انتخاب میں نو فیصدی سے زیادہ ووٹ فیصد حاصل کرنے والی کانگریس پارٹی چار فیصدی کے آس پاس سمٹتی نظر آ رہی ہے۔دہلی اسمبلی انتخاب میں عام آدمی پارٹی، بی جےپی اور کانگریس کے کئی قدآور رہنما جہاں بڑے فرق سے اپنی سیٹیں جیتتے دکھائی دے رہے ہیں وہیں کئی اہم چہرے ہارتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
عام آدمی پارٹی:
وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال 9815 ووٹوں سے آگے چل رہے ہیں۔ وہیں، بی جےپی کے سنیل کمار یادو دوسرے مقام پر چل رہے ہیں۔
نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی سیٹ پٹپڑگنج کی بات کریں تو وہاں سے سسودیا 2073 ووٹوں سے آگے چل رہے ہیں جبکہ بی جےپی کے روندر سنگھ نیگی دوسرے نمبر پر چل رہے ہیں۔
شہریت قانون مخالف مظاہروں کی وجہ سے چرچہ میں رہا شاہین باغ اوکھلا اسمبلی حلقہ میں ہے جہاں سے عآپ کے امانت اللہ خان ایم ایل اے ہیں۔ خان 13631 سے زیادہ ووٹوں سے آگے چل رہے ہیں اوربی جےپی کے برہم سنگھ دوسرے مقام پر ہیں۔
راجندر نگر سے عآپ امیدوار راگھو چڈا 17392 ووٹوں سے آگے ہیں جبکہ بی جے پی کے سردار آر پی سنگھ دوسرے مقام پر ہیں۔
تیمارپور سے عآپ امیدوار دلیپ پانڈے 9622 ووٹوں سے آگے ہیں جبکہ بی جےپی کے سریندر پال سنگھ عرف بٹو دوسرے مقام پر ہیں۔
کالکاجی سے عآپ کی آتشی 656 ووٹوں سے آگے ہیں جبکہ بی جےپی کے دھرم بیر سنگھ پیچھے چل رہے ہیں۔
نجف گڑھ سے عآپ کے کیلاش گہلوت 2247 ووٹوں سے آگے ہیں جبکہ بی جےپی کے اجیت سنگھ کھرکھری پیچھے چل رہے ہیں۔
بی جے پی:
وشواس نگر سے بی جے پی کے اوم پرکاش شرما 12558 ووٹوں سے آگے چل رہے ہیں جبکہ عآپ کے دیپک سنگلا دوسرے مقام پر ہیں۔روہنی سیٹ سے بی جے پی کے ویجندر گپتا 2024 ووٹوں سے آگے چل رہے ہیں جبکہ عآپ کے راجیش بنشی والا دوسرے مقام پر ہیں۔
مصطفیٰ آباد سیٹ سے بی جے پی کے جگدیش پردھان 25987 ووٹوں سے آگے چل رہے ہیں جبکہ عآپ کے حاجی یونس دوسرے مقام پر ہیں۔ماڈل ٹاؤن سے بی جے پی کے کپل مشرا پیچھے چل رہے ہیں جبکہ عآپ کے اکھلیش پتی ترپاٹھی 11691 ووٹوں سے آگے چل رہے ہیں۔
بی جے پی کا سوشل میڈیا چہرہ مانے جانے والے تیجندر سنگھ بگا ہری نگر سیٹ پر دوسرے مقام پر ہیں جبکہ عآپ کی راج کماری ڈھلن 1283 ووٹوں سے آگے چل رہی ہیں۔
کانگریس:
دوارکا سے عآپ کے ونئے مشرا 7831 ووٹوں سے آگے ہیں جبکہ بی جے پی کے پردیمن راجپوت دوسرے مقام پر چل رہے ہیں۔ عآپ سے کانگریس میں گئے سابق وزیر اعلیٰ لعل بہادر شاستری کے پوتے آدرش شاستری تیسرے نمبر پر چل رہے ہیں اور اپنی ضمانت بھی بچاتے ہوئے نہیں دکھ رہے ہیں۔
ایشیا کے تھوک کپڑوں کے سب سے بڑے مارکیٹ میں سے ایک گاندھی نگر سیٹ پر کانگریس کے اروندر سنگھ لولی تیسرے نمبر پر چل رہے ہیں۔ وہاں عآپ سے بی جے پی میں گئے انل باجپئی 2248 ووٹوں سے آگے ہیں جبکہ عآپ کے نوین چودھری دوسرے نمبر پر چل رہے ہیں۔
چاندنی چوک اسمبلی سیٹ پر کانگریس کی الکا لامبا تیسرے نمبر پر ہیں۔ وہاں سے عآپ کے پرہلاد سنگھ ساہنی 17908 ووٹوں سے آگے چل رہے ہیں جبکہ بی جے پی کے سمن کمار گپتا دوسرے نمبر پر ہیں۔
Categories: خبریں