خبریں

کورونا وائرس کے مد نظر ٹرینوں سے کمبل اور  پردے ہٹائے گئے

کورونا وائرس سے بچاؤ کے مدنظر جنوبی ریلوے نے اے سی ڈبوں سے کمبل ہٹوائے۔ ہندوستان-بنگلہ دیش پسنجر ٹرین سروس معطل۔ ممبئی پولیس نے گروپ میں سفر پر روک لگانے کے لئے دفعہ 144 نافذ کی۔

کورونا وائرس کے مدنظر سوموار کو جموں ریلوے اسٹیشن پر کھڑی جموں دہلی راجدھانی ایکسپریس کی صفائی کرتے ملازم(فوٹو : پی ٹی آئی)

کورونا وائرس کے مدنظر سوموار کو جموں ریلوے اسٹیشن پر کھڑی جموں دہلی راجدھانی ایکسپریس کی صفائی کرتے ملازم(فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: کورونا وائرس پھیلنے کے مدنظر ہندوستانی ریلوے نے اپنے تمام علاقائی ڈویژن کو ٹرینوں کے اے سی ڈبوں سے کمبل اور پردے ہٹانے کا حکم دیا ہے کیونکہ ان کی روز دھلائی نہیں ہوتی ہے۔ریلوے نے کہا کہ چادر، تولیہ اور تکیہ کے خول جیسی دیگر چیزیں روز دھوئی جاتی ہیں۔ ریلوے بورڈ نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ ان ڈبوں میں کم سے کم درجۂ حرارت 24-25 ڈگری طےکیا جائے۔

بورڈ نے کہا، ‘ اس احتیاطی قدم کی مناسب تشہیر کی جائے تاکہ مسافر تیار رہیں۔ ‘ ریلوے نے مسافروں سے اپنا کمبل ساتھ لےکر سفر کرنے کی صلاح بھی دی ہے۔بورڈ نے کہا کہ سبھی پردے اور کمبل کو دھوکر، سکھاکر اسٹاک ہوم میں رکھ دیا جائے اور تازہ سو فیصد دھلا لینن مہر بند پیکٹ میں دیے جائیں۔ریلوے ایس ایم ایس اور آئی وی آر (انٹرایکٹو وائس رسپانس) کے ذریعے مسافروں سے اپنا کمبل لےکر آنے کو کہے‌گا۔

اس نے اپنے ملازمین‎کو ہینڈل، ونڈو گریل، بوتل کلپ، چارج پوائنٹ جیسی جگہوں کی اچھی طرح صاف-صفائی کرنے کی بھی ہدایت دی ہے، کیونکہ روز ہزاروں لوگ اس کو ٹچ کرتے ہیں۔افسروں نے کہا کہ مسافروں کو سفر کے دوران دیکھ بھال کرنے والے ریلوے اہلکارصابن، نپکین رول اور جراثیم کش کیمیا دستیاب کرائیں‌گے۔

اے سی ڈبوں میں اہلکاروں کو استعمال میں آ چکے لینن دوبارہ نہیں دینے کو کہا گیا ہے۔ ان کو ان مسافروں پر بھی نظر رکھنے کی صلاح دی گئی ہے جن کو سردی-کھانسی ہے اور ان کے ذریعے استعمال کئے گئے لینن کو الگ سے رکھنے کو کہا گیا ہے۔اے سی ڈبوں کے کمبل کے مہینے میں دو بار اور پردوں کی 15 دنوں پر دھلائی کی جاتی ہے۔

معلوم ہو کہ ہندوستان میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے معاملے سو سے زیادہ ہو چکے ہیں۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق، اتراکھنڈ میں کورونا وائرس کا پہلا معاملہ درج کئے جانے اور مہاراشٹر اور اتر پردیش میں ایک ایک معاملے کی تصدیق ہونے کے ساتھ ہندوستان میں اس وائرس سےمتاثر مریضوں کی تعداد بڑھ‌کر 137ہو گئی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس سے متاثر اب تک 3 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ وہیں پوری دنیا میں تقریباً چھ ہزار لوگوں کی اس وائرس کی وجہ سے موت ہو چکی ہے۔ڈبلیو ایچ او نے کووڈ-19 کو وبا اعلان کر دیا ہے۔وزارت صحت کے ایک افسر نے کہا کہ 93 متاثر ین کے رابطہ میں آئے 4000 سے زیادہ لوگوں کی پہچان کی گئی ہے اور ان کا پتہ لگایا جا رہا ہے، جبکہ ملک بھر میں 42000 لوگوں کو  نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ وزارت کے مطابق، اب تک 30 ہوائی اڈوں پر 1276046 مسافروں کی جانچ کی جا چکی ہے۔

کورونا وائرس کے خلاف لڑائی تیز کرتے ہوئے ممبئی میں ریلوے انتظامیہ نے لوکل ٹرینوں کے ساتھ-ساتھ لمبی دوری کی ٹرینوں کو بھی جراثیم سے پاک کرنا شروع کر دیا ہے۔ لوکل ٹرینوں میں ہر دن تقریباً 80 لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں۔ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے، ‘ صفائی  کے لئے خاص طور سے کووڈ-19 ایڈوائزری کو دھیان میں رکھتے ہوئے سنٹرل ریلوے کے ڈیپو پر ڈبوں کے رکھ رکھاؤ کے دوران خاص کوشش کی جا رہی ہے۔ ‘ریلوے افسروں نے بتایا کہ اے سی ڈبوں میں تمام پردوں کو اگلے چار-پانچ دنوں میں ہٹایا جائے‌گا۔

کورونا وائرس کے بڑھتے خطرے کو دیکھتے ہوئے جنوبی ریلوے نے اتوار کو اے سی ڈبوں سے کمبل ہٹوانے اور ڈبوں کو جراثیم سے پاک کرنے کے حکم جاری کئے۔حالانکہ مانگنے پر مسافروں کو کمبل دئے جائیں‌گے۔ ریلوے نے کہا کہ ڈبوں میں تکیہ اور تکیہ کے غلاف ملنا جاری رہے‌گا۔ریلوے نے کہا کہ کمبل ہٹانے کا یہ حکم ایک مہینے یا اگلے حکم تک نافذ ہوگا۔ ریلوے بورڈ کی صلاح پر یہ قدم اٹھایا گیا۔

کورونا وائرس کے خطرہ کے مدنظر کولکاتہ اور بنگلہ دیش کے شہروں کے درمیان ہندوستان-بنگلہ دیش پسنجر ٹرین سروس کو اتوار کو معطل کر دیا گیا۔ مشرقی ریلوے کے افسروں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی ہدایتوں کی بنیاد پر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ میتری اور بندھن ایکسپریس 15 مارچ سے 15 اپریل یا اگلے حکم تک کینسل رہے گی۔ افسروں نے بتایا کہ میتری ایکسپریس کولکاتہ سے بنگلہ دیش کی راجدھانی ڈھاکہ کے درمیان چلتی ہے جبکہ بندھن ایکسپریس کولکاتہ کو بنگلہ دیش کے کھلنا شہر سے جوڑتی ہے۔

کورونا وائرس کے بڑھتے معاملوں کے مدنظر ممبئی پولیس نے غیر ملکی یا گھریلو سیاحتی مقامات پر گروپ سفر کرانے سے ٹور آپریٹروں کو روکنے کے لئے سی آر پی سی کی دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ایک افسر نے بتایا کہ اگر کوئی ٹور آپریٹر حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا توآئی پی سی  کی دفعہ 188 (حکم کی خلاف ورزی کرنا) کے تحت کارروائی کی جائے‌گی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)