خبریں

رات نو بجے نو منٹ: بی جے پی کی خاتون رہنما نے کی ہوائی فائرنگ، کیس درج

اتر پردیش کے بلرام پور ضلع کا معاملہ۔وزیر اعظم نریندر مودی نے کو رونا وائرس کے خلاف لڑائی کی اپیل کرتے ہوئے اتوار رات کو نو بجے نو منٹ کے لیے گھروں میں دیے یا موم بتی جلانے کی اپیل لوگوں سے کی تھی۔

منجو تیواری۔

منجو تیواری۔

نئی دہلی: اتر پردیش کے بلرام پور ضلع میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی مہیلا مورچہ کی صدرکے خلاف لاک ڈاؤن کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے کی وجہ سے پولیس نے سوموار کو مقدمہ درج کیا۔

وزیر اعظم نریندر مودی کی اپیل کی وجہ سےاتوارار رات کونو بجے ضلع بھر میں لوگوں نے اپنے گھروں کی لائٹ بند کر کےدیے جلائے اور موبائل کی فلیش لائٹ سے روشنی کی۔ اسی دوران منجو تیواری نے ہوائی فائرنگ کی تھی۔

ایس ایس پی ارویند مشر نے سوموار کو بتایا کہ اتوار رات کو بی جےپی کی مہیلا مورچہ کی ضلعی صدر منجو تیواری کا ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے اس ویڈیو کو اپنی جانکاری  میں لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نگر کوتوالی میں پولیس نے منجو تیواری کے خلاف دھماکہ خیز مواد کا غلط استعمال کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔ معاملے کی جانچ کے حکم دیے گئے ہیں۔ جانچ کے بعد ضروری  کارروائی کی جائےگی۔

خبررساں  ایجنسی اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق، اس واقعہ  کے سامنے آنے کے بعد منجو تیواری کو بی جےپی مہیلا مورچہ کےصدر عہدے سے برخاست کر دیا گیا ہے۔منجو تیواری نے کہا، ‘میں نے دیکھا کہ پورا شہر موم بتی اور دیوں سے جگمگا رہا ہے۔ مجھے محسوس ہوا کہ یہ دیوالی ہے اور میں نے خوشی میں ہوا میں فائرنگ کر دی۔ میں اپنی غلطی قبول کرتی ہوں اور معافی مانگتی ہوں۔’

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)