مدھیہ پردیش پولیس نے گھر بیٹھے ہوئے ہی ایف آئی آر درج کروانے کے لیے سوموار کو ‘ایف آئی آر آپ کے دوار’اسکیم کی شروعات کی۔اس کے تحت شکایت ملتے ہی ڈائل 100 شکایت گزارکے گھر جاکر ایف آئی آر درج کرےگا۔
نئی دہلی: مدھیہ پردیش پولیس نے گھر بیٹھےایف آئی آر درج کروانے کے لیے سوموار کو ‘ایف آئی آر آپ کے دوار’اسکیم کی شروعات کی۔اس کو پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر ریاست کے 23 تھانوں سے شروع کیا گیا۔اس کے تحت شکایت ملتے ہی ڈائل 100 شکایت گزارکے گھر جاکر ایف آئی آر درج کرےگا۔
ریاستی حکومت کا دعویٰ ہے کہ مدھیہ پردیش اس طرح کی اسکیم کو لاگو کرنے والا ملک کا پہلا اسٹیٹ بن گیا ہے۔مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے اس اسکیم کا پولیس کنٹرول روم میں افتتاح کرتے ہوئے کہا،یہ اسکیم11 ڈویژن ہیڈکوارٹر کے ایک شہری تھانہ اور ایک دیہی تھانے اور غیرڈویژن ہیڈکوارٹر دتیہ کے ایک شہری تھانہ سمیت پائلٹ پروجیکٹ کے طورپر23 تھانوں میں سوموار سے شروع گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈائل 100 سروس نے سڑک حادثوں میں لوگوں کو اسپتال پہنچاکر کئی کی جان بچائی ہے۔ اب شکایت ملتے ہی ڈائل 100 شکایت گزار کے گھر جاکر ایف آئی آر درج کرےگا۔مشرانے بتایا کہ کو رونا وائرس وباکے اس دور میں ‘ایف آئی آر آپ کے دوار’اسکیم سے پریشانیوں کا حل آسانی سے ہو سکےگا۔ ایف آئی آر درج کرانے کے لئے عوام کو تھانے تک نہیں جانا پڑےگا۔
ڈی جی پی وویک جوہری نے کہا کہ ڈائل 100 میں ایف آئی آر درج کرنے کے لئے ٹرینڈ چیف گارڈ رہیں گے۔ہر طرح کی شکایتوں کی ڈائل 100کے ذریعہ موقع پر ہی ایف آئی آر درج کی جائےگی۔ سنگین شکایتوں پر سینئر حکام سے رہنمائی حاصل کرکے فیصلہ لیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ‘ایف آئی آر آپ کے دوار’اسکیم31 اگست تک پائلٹ پروجیکٹ کے طورپر چلے گا۔ اس کے بعد اس کا تجزیہ کیا جائےگا اور سسٹم کو پختہ بناکرضروری اصلاح اورٹیسٹ کے بعد پوری ریاست میں لاگو کیا جائےگا۔اس اسکیم کے تحت پہلی ایف آئی آر جواہر چوک بھوپال کے سنیل چترویدی نے درج کرائی۔ انہوں نے اپنی گاڑی ایم پی 04-ایس ٹی 0959 کے چوری ہونے سے متعلق شکایت ڈائل 100 پر کی تھی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ مشرا نے ایمرجنسی کے تحت‘ہیلپ لائن ڈائل 112’ کی بھی شروعات کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس ہیلپ لائن پر عوام کو ایمبولینس، پولیس اور فائربریگیڈ کی خدمات ایک ہی نمبر پر دستیاب ہو ں گی۔انہوں نے پولیس محکمہ کے کام کرنے کے طریقوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کو رونا وائرس بحران کے وقت پولیس نے سرحد کے جوانوں کی طرح خدمت کی ہے۔
ریلیز کے مطابق، پانچ دن پہلے وزیر داخلہ مشرا نے اس بارے میں ہدایت دی تھی۔ پولیس نے اتنے کم دنوں میں ہی اسکیم کوعملی جامہ پہناکر ریاست میں لاگو کیا ہے۔اس موقع پرمشرا اور جوہری کے علاوہ دوسرے سینئر پولیس حکام موجود تھے۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں