خبریں

بہار اسمبلی انتخاب میں پوسٹل بیلٹ سے ووٹ ڈال سکیں گے کورونا متاثر

الیکشن کمشنر سشیل چندرا نے بتایا کہ بہار انتخاب کو لےکروزارت قانون کے ذریعے الیکشن کمیشن کی تجویز کو منظور کرنے کے بعد انتخابی ضابطہ اخلاق 1961کے ضابطہ27 اے کے تحت کووڈ 19متاثرہ یا متاثرین  کا ایک نیا زمرہ  بنایا گیا ہے۔

(فائل فوٹو: رائٹرس)

(فائل فوٹو: رائٹرس)

نئی دہلی:  ملک  میں کوروناانفیکشن کے بیچ اس سال کے اواخر میں بہار میں اسمبلی انتخاب ہونے جا رہے ہیں، ایسے میں وبا کا انتخاب پر کسی طرح کا اثر نہ پڑے، الیکشن کمیشن نے کچھ خصوصی انتظامات کیے ہیں۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، الیکشن کمشنر سشیل چندرا کا کہنا ہے کہ کورونا مریضوں کو پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹنگ  کرنے کی اجازت دی جائےگی۔

بہار میں انتخاب طے وقت پر ہونے کے اشارے دیتے ہوئے چندرا نے کہا کہ وزارت قانون نے اس معاملے پر الیکشن کمیشن کی  تجویز کو منظور کر لیا ہے، جس کے بعد انتخابی ضابطہ اخلاق1961 کے ضابطہ 27اے کے تحت کووڈ 19 متاثرہ یا متاثرین کا ایک نیازمرہ  بنایا گیا ہے۔

اس نئے زمرے میں ان لوگوں کو ہی اس سہولت کا فائدہ  ملےگا جو سرکاری طبی سہولیات یا کسی ایسی تنظیم جس کو سرکار نے کووڈ 19 کے طور پر منظوری دی ہے، اس جگہ سے کورونا پازیٹوقراردیے گئےہیں۔اس کے ساتھ ہی ہوم کورنٹائن یا محکمہ جاتی کورنٹائن رہنے والے مریضوں کو بھی اس کے ذریعے ووٹ دینے کی چھوٹ ملے گی۔

ایسے لوگوں کے بارے میں پوچھنے پر جو کنٹنمنٹ زون میں رہ رہے ہیں اور کورونا متاثر نہیں ہیں۔ اس پر چندرا نے کہا کہ کمیٹی نے بہار کے چیف الیکشن افسر سے ان پٹ مانگے ہیں اور ہم ایڈوانس ووٹنگ سمیت کچھ دوسرے متبادل پرغور کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا، ‘ہم نہیں چاہتے کہ الیکشن میں ووٹ فیصد کم ہو۔ ہم اضافی قدم اٹھائیں گے اور یہ یقینی بنائیں گے کہ ضرورت پڑنے پر پولنگ افسر کو پوسٹل بیلٹ کے ساتھ کورونا متاثرہ ووٹرکے پاس بھیجا جائے اور ووٹنگ کے بعد اس کو واپس لایا جائے۔’

الیکشن کمیشن نے سماجی دوری کو یقینی بنانے کے لیے ہر پولنگ بوتھ پر ووٹروں کی تعداد کو محدودکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔عام حالات میں ہر پولنگ بوتھ پر 1600کے بجائے 1000ووٹرس کو ووٹنگ کی اجازت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اس طرح اضافی  30000 پولنگ بوتھ کو جوڑنا ہوگا۔

سیاسی پارٹیوں کے انتخابی تشہیر کو لےکر پوچھے گئے سوال پر چندرا نے کہا، ‘انہیں ہیلتھ اور این ڈی ایم اےکے گائیڈلائنزپر عمل کرنا ہوگا۔ پارٹیوں کو ورچوئل ریلیوں پر زور دینا ہوگا اور سوشل میڈیا کے ذریعے ہی تشہیر  کرنا ہوگی لیکن جیسے جیسے بہار میں انتخاب کی تاریخ قریب آئےگی، صورت حال بدل سکتی ہیں۔’

بتا دیں کہ بہار اسمبلی کی موجودہ مدت کار 29 نومبر کو ختم  ہو رہی ہے۔ بہار میں سوموار شام تک کورونا انفیکشن کے کل 7893 معاملے سامنے آئے ہیں اور 52 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔