انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے ڈاکٹروں اورطبی اہلکاروں کو احتیاط برتنے کے لیے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینئر اور نوجوان ڈاکٹریکساں طور پرکورونا سے متاثر ہو رہے ہیں، لیکن سینئروں کی موت کی شرح زیادہ ہے۔
نئی دہلی: انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن(آئی ایم اے)نے کہا کہ کووڈ 19 سے ملک میں 99 ڈاکٹروں کی موت ہوئی ہے۔ آئی ایم اے کے نیشنل کووڈ رجسٹری ڈیٹا کے مطابق کووڈ 19 سے کل 1302 ڈاکٹر متاثر ہوئے ہیں۔اس میں 99 ڈاکٹروں کی موت ہو چکی ہے۔ہلاک ہونے والوں میں73 ڈاکٹروں کی عمر 50 سال سے زیادہ تھی،19کی عمر 35-40 کے بیچ تھی اور سات ڈاکٹر 35 سال سے کم عمر کے تھے۔
آئی ایم اے نے ایک بیان میں کہا، ‘آئی ایم اے نے ڈاکٹروں اورطبی اہلکاروں سے احتیاط برتنے کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔’آئی ایم اے نے قائد کا رول نبھا رہے ڈاکٹروں سے تمام بہترین سائنسی طور طریقہ اپنانے کی حمایت کی ہے۔آئی ایم اے نے کہا ہے،‘اعدادوشمار کے تجزیہ سے پتہ چلتا ہے کہ کووڈ 19 سے سینئراور نوجوان ڈاکٹر یکساں طور پر متاثر ہو رہے ہیں۔سینئروں کی موت کی شرح زیادہ ہے۔ اس سے سبق لینے کی ضرورت ہے۔ اسپتال کے اندرضابطہ اور ڈسپلن پر عمل ہونا چاہیے ۔’
آئی ایم اے کے قومی صدر ڈاکٹر راجن شرما نے کہا کہ وبا سے نپٹنے کے لیے ملک میں طبی اہلکار اہم رول نبھا رہے ہیں، لیکن کووڈ 19 سے ڈاکٹروں کی موت شدید تشویش کی بات ہے۔انہوں نے کہا، ‘آئی ایم اے سائنسی طور طریقہ اپنانے کی پرزور وکالت کرتا ہے۔ ڈاکٹروں کو حالات پر نظر رکھنے اور خود کی، اپنے اہل خانہ ، ساتھیوں اوراسٹاف کا دھیان رکھنے کی ضرورت ہے۔’
ممبئی مرر کے مطابق،کل 1401 ڈاکٹروں کا ٹیسٹ کرایا گیا تھا، جس میں1302متاثر پائے گئے۔ اس میں سے 586 پریکٹسنگ ڈاکٹر، 566 ریزیڈنٹ ڈاکٹر اور 150 ہاؤس سرجن ہیں۔
(خبررساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں