معاملہ کاس گنج کا ہے، جہاں 2016 میں خاندانی رنجش میں ایک13سالہ نابالغ کو اغواکرکے اس کے ساتھ گینگ ریپ کیا گیا تھا۔ تب ملزموں کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا۔ منگل کو ضمانت پر باہر آنے کے بعد ایک ملزم نے متاثرہ اور اس کی ماں پر ٹریکٹر چڑھا دیا۔
نئی دہلی: اتر پردیش کے کاس گج میں گزشتہ منگل کو ایک17سالہ گینگ ریپ متاثرہ اور اس کی ماں کی گینگ ریپ کے ملزموں میں سے ایک نے ٹریکٹر سے کچل کرجان لے لی۔ پولیس نے اس کی جانکاری دی ہے۔انڈین ایکسپریس کے مطابق، 35سالہ ملزم کو بدھ کو گرفتار کر لیا گیا اور اس کے ساتھ اس کے بھائی پرقتل کا معاملہ درج کیا گیا۔
ایس پی کاس گنج سشیل کمار گھلے نے بتایا کہ یہ معاملہ دو خاندانوں کے بیچ جھگڑے کا ہے۔ اسی وجہ سےیہ قتل ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پیسے کے لین دین کے کسی مسئلے کو لےکر نابالغ متاثرہ کے والد کو سال 2016 میں ملزم کے والدکےقتل کے الزام میں جیل ہوا تھا۔
اس کے دو مہینے بعد جس شخص کے قتل کا الزام ان پر تھا، اس کے بیٹے نے مبینہ طور پر اس شخص کی 13سالہ بیٹی کا اغوا کر لیا تھا۔لڑکی کو پولیس نے کچھ دن بعد چھڑایا تھا۔ اس نے اپنے بیان میں گینگ ریپ کا الزام لگایا تھا۔ اس کے بعد پولیس نے ملزموں پر گینگ ریپ اور پاکسو ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تینوں ملزموں کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا۔
ایس پی نے کہا، ‘ملزم منگل کی شام ضمانت پر باہر آیا تھا اور جب ماں بیٹی بازار سے لوٹ رہی تھیں تو اس نے مبینہ طور پر ان پر ٹریکٹر چلاکر ان کی جان لے لی۔ اس کے بعد ٹریکٹر وہیں چھوڑکر فرار ہو گیا۔’وہیں متاثرہ کے والدنے بھی الزام لگایا کہ ان کی بیوی اور بیٹی کو ان کے گاؤں کے دو لوگوں نے ٹریکٹر سے کچل کرماردیا۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں