اتر پردیش کے ہاتھرس ضلع میں14ستمبر کو مبینہ طور پر اشرافیہ کے چار نوجوانوں نے 19 سالہ دلت لڑکی کے ساتھ بےرحمی سے مارپیٹ کی اور ریپ کیا تھا۔ منگل کو علاج کے دوران دہلی کے ایک اسپتال میں لڑکی نے دم توڑ دیا۔
نئی دہلی: اتر پردیش کے ہاتھرس ضلع میں میں19 سالہ دلت لڑکی کے گینگ ریپ کے معاملے کو لےکر ریاست کی یوگی سرکار نشانے پر ہے۔ متاثرہ فیملی کو انصاف دلانے کی مانگ کو لےکرسیاسی پارٹی اورسماجی ادارےمختلف شہروں میں مظاہرہ کر رہے ہیں۔
اس معاملے کو لےکر جب بی جے پی کے سینئر رہنما کیلاش وجےورگیہ سے کچھ صحافیوں نے سوال کیا توانہوں نے کہا کہ تھوڑا صبر رکھیے، یوگی آدتیہ ناتھ کےاتر پردیش میں کبھی بھی گاڑی پلٹ جاتی ہے۔بدھ کو میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا، ‘دیکھیے!اس میں ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے اور معاملہ فاسٹ ٹریک کورٹ میں جا رہا ہے اور مجھے لگتا ہے کہ تھوڑا صبر کرنا چاہیے۔’
وجےورگیہ نے آگے کہا، ‘تمام ملزم جیل کی سلاخوں کے پیچھے جا ئیں گے، کیونکہ یوگی جی، جو وہاں کے وزیراعلیٰ ہیں، میں جانتا ہوں کہ ان کے پردیش میں کبھی بھی گاڑی پلٹ جاتی ہے۔’
#WATCH The accused have been arrested. The case has been sent to a fast-track court. The accused will be sent to jail… Yogi Ji jo wahan ke CM hain, main jaanta hun ki unke pradesh main kabhi bhi gaadi palat jati hai: BJP leader Kailash Vijayvargiya on #Hathras gang-rape case pic.twitter.com/ksSERx3nu0
— ANI (@ANI) September 30, 2020
الزام ہے کہ اتر پردیش کے ہاتھرس ضلع میں 14 ستمبر کو اشرافیہ کے چار نوجوانوں نے 19 سالہ لت لڑکی کے ساتھ بے رحمی سے مارپیٹ کرنے کے ساتھ ریپ کیا تھا۔
ان کی ریڑھ کی ہڈی اور گردن میں شدید چوٹیں آئی تھیں۔ ملزمین نے ان کی زبان بھی کاٹ دی تھی۔ ان کا علاج علی گڑھ کے ایک اسپتال میں چل رہا تھا۔تقریباً10 دن کے علاج کے بعد انہیں دہلی کے صفدرجنگ اسپتال میں بھرتی کرایا گیا تھا۔ منگل کو لڑکی نے علاج کے دوران دم توڑ دیا۔
اب اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ منگل دیر رات کو پولیس نے ان کی رضامندی کے بنا آناًفاناً میں لڑکی کے آخری رسومات کی ادائیگی کر دی۔ حالانکہ، پولیس نے اس سے انکار کیا ہے۔
لڑکی کے بھائی کی شکایت کی بنیاد پر چار ملزمین سندیپ (20)،اس کے چچا روی(35)اور دوست لوکش (23)اور رامو (26)کو گرفتار کیا گیا ہے۔ان کے خلاف گینگ ریپ اور قتل کی کوشش کے علاوہ ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔
واقعہ کے بعد اپوزیشن کے نشانے پر آئی یوگی سرکار نے معاملے کی جانچ کے لیے تین رکنی ایس آئی ٹی کی تشکیل کی ہے۔
Categories: خبریں