اتر پردیش پولیس نے ہاتھرس کے چندپا تھانے میں نامعلوم لوگوں کے خلاف سیڈیشن سمیت آئی پی سی کی مختلف دفعات میں ایف آئی آر درج کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ 19سالہ دلت لڑکی کے ساتھ ہوئےتشدداور مبینہ گینگ ریپ معاملے کو لےکر انہیں ذات پات کی بنیاد پردنگا بھڑ کانے والی ایک بین الاقوامی سازش کا پتہ چلا ہے۔
نئی دہلی: اتر پردیش پولیس نے دعویٰ کیا کہ اس نے کمیونٹی کی بنیاد پر دنگے بھڑ کانے والی اور ہاتھرس میں 19سالہ دلت لڑکی کے ساتھ ہوئے تشدد اورمبینہ گینگ ریپ کے معاملے میں یوگی آدتیہ ناتھ سرکار کو بدنام کرنے والی ایک بین الاقوامی سازش کا انکشاف کیا ہے۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق،اتوار کو ہاتھرس کے چندپا تھانے میں نامعلوم لوگوں کے خلاف سیڈیشن سمیت آئی پی سی کی مختلف دفعات میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ذرائع کے مطابق، ایک ویب سائٹ justiceforhathrasvictim.carrd.co کو اس سازش سے جوڑا گیا گیا، جس پر محفوظ طریقے سے مظاہرہ کرنے اور پولیس سے بچنے کی جانکاری تھی۔ فی الحال ویب سائٹ کو بند کر دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اس ویب سائٹ پر فسادات اور پولیس کے ذریعے آنسو گیس چھوڑے جانے کے دوران محفوظ رہنے کو لےکر بھی جانکاریاں تھیں۔انہوں نے کہا کہ ویب سائٹ پر موجود اکثرمواد امریکہ میں بلیک لائیوس میٹرس کا مظاہرہ منعقد کرنے والوں سے لی گئی تھی۔ چندپا تھانہ انچارج نے ایف آئی آر درج کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔
یہ ایف آئی آر آئی پی سی کی دفعہ109(جرم کے لیے اکسانا)، 120بی(مجرمانہ سازش)، 124اے (سیڈیشن)، 153اے(مذہب،زبان،نسل وغیرہ کی بنیاد پر مختلف کمیونٹی میں نفرت پھیلانے کی کوشش)اور اس کی چار ضمنی دفعات، 153بی(قومی سالمیت پرغلط اثر ڈالنے والے الزام لگانا)اور 420(دھوکہ دھڑی)کےتحت درج کیے گئے ہیں۔
جھوٹے شواہد گڑھنا، جعلسازی اوردیگر الزامات سے متعلق دفعات کے ساتھ آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ میں بھی معاملہ درج کیا گیا ہے۔چندپا تھانے میں ہی اتوار اور سوموار کوسیاسی پارٹیوں کے کارکنوں کے خلاف سرکاری کام میں خلل اور حکم امتناعی کی خلاف ورزی جیسے الزامات میں مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس(لاء اینڈ آرڈر)پرشانت کمار نے سوموار کو چندپا تھانے میں درج مقدموں کی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ پوسٹروں، سوشل میڈیا پوسٹ سے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایسے لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
کمار نے کہا کہ کووڈ 19 کی وجہ سےسیاسی پارٹیوں کے پانچ لوگوں کو وہاں جانے دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا، ‘کچھ سیاسی پارٹیوں کے کارکنوں نےگائیڈ لائن کی خلاف ورزی کی۔ ہاتھرس کے واقعہ سے کچھ لوگوں نے ماحول بگاڑنے کی کوشش کی۔ پہلا مقدمہ وائرل آڈیو سے ماحول بگاڑنے کی کوشش میں چندپا تھانے میں ہوا۔’
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس نے بتایا،‘ایک سازش کے تحت ریاست کا ماحول بگاڑنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ہم شواہدکی بنیاد پر کارروائی کر رہے ہیں۔ کئی ایجنسیاں اس معاملے کی جانچ کر رہی ہیں۔’بتا دیں کہ یہ ایف آئی آر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ذریعے ان کی سرکار کے خلاف سازش کیےجانے کاالزام لگائے جانے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں وزیر اعلیٰ نے بی جے پی کارکنوں سےملک اور ریاست میں ان فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کا پردہ فاش کرنے کے لیے کہا تھا۔
یوگی نے کہا تھا، ‘جسے وکاس اچھا نہیں لگتا وہ ملک میں اور ریاست میں بھی کمیونٹی اورفرقہ وارانہ دنگا بھڑکانا چاہتے ہیں۔ اس دنگے کی آڑ میں وکاس رکے گا۔’یوگی نے کہا، ‘اس دنگے کی آڑ میں سیاسی روٹیاں سینکنے کا انہیں موقع ملےگا۔ اس لیے وہ نئی سازش کرتے رہتے ہیں اور ان تمام سازشوں کے لیے پوری طرح آگاہ ہوتے ہوئے ہمیں وکاس کی اس کارروائی کو تیزی کے ساتھ آگے بڑھانا ہے۔’
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں