معاملہ شاہجہاں پور ضلع کا ہے۔متاثرہ خاتون کا الزام ہے کہ انہوں نے ستمبر 2020 میں ملزم ایس آئی کے خلاف ریپ کی شکایت درج کرائی تھی۔ اس کے بعد گزشتہ8 جنوری کو جب وہ اس معاملے میں درج کی گئی حتمی رپورٹ کے خلاف عرضی دائر کرکے لوٹ رہی تھیں، تب ملزم نے دوبارہ ان کا ریپ کیا۔
نئی دہلی: اتر پردیش کے شاہجہاں پور میں پولیس اہلکار کے ایک خاتون کا دو بار ریپ کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ خاتون کا الزام ہے کہ ملزم سب انسپکٹر نے اس کا ویڈیو بھی بنایا ہے۔
خاتون کا الزام ہے کہ آٹھ جنوری کو جب وہ شاہجہاں پور سے لوٹ رہی تھی، تب جلال آباد پولیس تھانے میں تعینات سب انسپکٹر(ایس آئی)اسے ایک سنسان جگہ لے گیا اور دوسری بار اس کا ریپ کیا۔
خاتون کا کہنا ہے کہ وہ اپنے شوہر کے خلاف جہیزکو لے کر ہراسانی کے معاملے کے دوران ملزم سب انسپکٹر کے رابطہ میں آئی تھی۔ان کا الزام ہے کہ انہوں نے سب سے پہلے دو ستمبر 2020 کو ملزم پولیس اہلکار کے خلاف ریپ کی شکایت درج کرائی تھی، اس وقت ملزم پولیس اہلکار کلان پولیس اسٹیشن میں تعینات تھا۔
ملزم پولیس اہلکار کے خلاف ریپ کا ویڈیو بنانے کے لیے بھی معاملہ درج کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی جانب سے ستمبر میں درج کرائی گئی ایف آئی آر کے سلسلے میں حتمی رپورٹ داخل کی گئی ہے۔ اس کے بعد خاتون آٹھ جنوری کو اپنی عرضی دائر کرنے شاہجہاں پور گئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ الزام ہے کہ ملزم سب انسپکٹر نے دوسری بار اس وقت خاتون کا ریپ کیا، جب وہ شاہجہاں پور سے لوٹ رہی تھیں۔ایس پی ایس آنند نے متاثرہ کی شکایت کی بنیاد پر کہا کہ ملزم پولیس اہلکار نےخاتون کو اس معاملے کو آگے نہ بڑھانے کی دھمکی دی۔
اس معاملے میں 14 جنوری کو ایف آئی آر درج کی گئی۔ ایس پی کا کہنا ہے کہ ملزم سب انسپکٹر کے ٹرانسفر کی سفارش کی گئی ہے اورخاتون کے الزامات کی جانچ کی جا رہی ہے۔
(خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں