خبریں

دیوالی کے موقع پر مسلم دکاندار کو دھمکانے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر آنے کے بعد پولیس نے کیس درج کیا

دہلی کے براڑی میں سنت نگر علاقے کا معاملہ۔ پولیس کے مطابق، ویڈیو میں ملزم خود کو بجرنگ دل کا رکن بتا رہا ہے۔ اس کو دیوالی کے دن بریانی کی دکان کھولنے پر مبینہ طور پر ایک مسلم دکاندار کو دھمکاتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ کسی تہوار پر دکان نہ کھولیں۔

(فوٹو: رائٹرس)

(فوٹو: رائٹرس)

نئی دہلی: دہلی پولیس نے سوشل میڈیا پر آئے ایک ویڈیو کے معاملے میں ایف آئی آر درج کر لی ہے، جس میں ایک شخص کو سنت نگر علاقے میں دیوالی کے دن بریانی کی دکان کھولنے پرمبینہ طور پر ایک مسلم دکاندار کو دھمکاتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ انہوں نے ویڈیو پر نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی ہے۔پولیس کے مطابق، ویڈیو میں ملزم خود کو بجرنگ دل کا ممبر نریش کمار سوریہ ونشی بتا رہا ہے۔اس کو سنت نگر واقع دکان کے ملازمین سے یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ یہ ایک ہندو علاقہ ہے۔

پولیس کے مطابق ویڈیو میں سوریہ ونشی کو دکان کے لوگوں کو یہ وارننگ دیتے ہوئے سنا گیا کہ کسی تہوار پر دکان نہ کھولیں۔

پولیس نے بتایا کہ اس کے بعد دکان مالک نے دکان بند کر دی۔انہوں نے بتایا کہ یہ ویڈیو جمعرات(چار نومبر)کی شب نو بجے کےقریب ریکارڈ کرکے بعد میں سوشل میڈیا پر ڈال دیا گیا۔

ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ ویڈیو کو نوٹس میں لیتے ہوئے حقائق کی تصدیق کے بعد آئی پی سی کی دفعہ 295اے(کسی بھی طبقہ کے مذہب یامذہبی عقائد کی توہین کرکےاس کےمذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے ارادے سے جان بوجھ کر اور مذکوم حرکت کرنا)کے تحت براڑی تھانے میں معاملہ درج کیا گیا۔

افسر نے بتایا کہ ملزم کی پہچان کرنے اور اسے پکڑنے کے لیے جانچ کی جا رہی ہے۔