خبریں

مہاراشٹر: بی جے پی ایم پی نے کہا – مقامی انتظامیہ مجھے سرکاری تقریبات میں مدعو نہیں کرتی کیونکہ میں دلت ہوں

مہاراشٹر کے لاتور سے بی جے پی کے رکن پارلیامنٹ سدھاکر شرنگارے نے الزام لگایاکہ انہیں جان بوجھ کر سرکاری ایجنسیوں کے ذریعےمقامی سطح پر منعقد ہونے والے پروگراموں میں مدعو نہیں کیا جاتا ہے کیونکہ وہ دلت ہیں۔ وہیں، سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے کہا کہ افسروں کو ایک ایم پی  کے ساتھ احترام سے پیش آنا چاہیے، ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

مہاراشٹر کے لاتور سے بی جے پی ایم پی سدھاکر شرنگارے(فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر/@mpsshrangare)

مہاراشٹر کے لاتور سے بی جے پی ایم پی سدھاکر شرنگارے(فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر/@mpsshrangare)

نئی دہلی: مہاراشٹر کے لاتور سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لوک سبھا ممبر سدھاکر شرنگارے نے ایک عوامی تقریب میں الزام لگایا ہے کہ انہیں جان بوجھ کر سرکاری ایجنسیوں کے ذریعے مقامی طور پر منعقد ہونے والے پروگراموں میں مدعو نہیں کیا جاتا ہے کیونکہ وہ ایک دلت ہیں۔

شرنگارے نے بدھ کی شام مقامی انتظامیہ پر یہ الزام اس وقت لگایا جب مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے اور مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس کی موجودگی میں یہاں ایک باغ میں بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے 72 فٹ اونچے مجسمے کی نقاب کشائی کی گئی۔

شرنگارے نے کہا، ضلع کلکٹر کے دفتر اور یہاں میونسپل کارپوریشن میں بھی بہت سے پروگرام  ہوتے ہیں۔ لیکن مجھے جان بوجھ کر مدعو نہیں کیا جاتا۔ وہ میرا کام نہیں دیکھ سکتے۔

انہوں نے کہا کیا میں یہ طے کر سکتا ہوں کہ مجھے کس گھرانے میں پیدا ہونا چاہیے؟ میری توہین اس لیے کی جاتی ہے کیونکہ میں دلت ہوں۔ تقریبات کے کارڈ سے میرا نام غائب ہوتا ہے۔ میں پچھلے تین سالوں سے خاموش ہوں لیکن آج میں یہ سب بتانا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا، میں نے لاتور میں آکسیجن پلانٹ لگا دیا، لیکن جیسے ہی میں دہلی گیا، یہاں اس کا افتتاح کر دیا گیا۔ یہ صرف میرے ساتھ نہیں ہوتا، پورے مہاراشٹر میں ہوتا ہے۔ ہم سب کو یہ مسئلہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اٹھانا چاہیے۔

شرنگارے نے کہا کہ اگرچہ وہ گزشتہ چار سالوں سے  رکن پارلیامنٹ ہیں، لیکن انتظامیہ نے انہیں کبھی کسی پروگرام میں مدعو نہیں کیا۔

انہوں نے کہا، میرے ساتھ ایسا سلوک کیا جاتا ہے کیونکہ میں دلت ہوں۔

شرنگارے نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمے پر کام شروع ہونے کے دو دن کے اندر ہی روک دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا، اس مجسمہ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ہم نے صرف 28 دنوں میں کام مکمل کر لیا۔ لیکن راستے میں کئی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔

شرنگارے کی تقریر کا جواب دیتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت برائے سماجی انصاف اٹھاولے نے پروگرام کے دوران کہا کہ انہوں نے رکن پارلیامنٹ کے ذریعہ اٹھائے گئے مسئلہ پر توجہ دی ہے۔

شرنگارے کی طرف سے ظاہر کی گئی تشویش کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے فڈنویس نے کہا، افسران کو ایک ایم پی کے ساتھ احترام کے ساتھ پیش آنا چاہیے، ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔