معاملہ بریلی ضلع کے بھوتا تھانہ حلقہ کے سنگھائی مروان گاؤں کا ہے۔ 16 اور 17 سال کے چچا زاد بھائی مبینہ طور پر پاکستانی چائلڈ آرٹسٹ اور اداکارہ آیت عارف کا نغمہ پاکستان زندہ باد سن رہے تھے۔ گھر والوں کا کہنا ہے کہ وہ پڑھے لکھے نہیں ہیں اور انہوں نے غلطی سے یہ گانا بجا دیا۔
نئی دہلی: اتر پردیش کے بریلی میں پولیس نے مبینہ طور پر موبائل فون سے پاکستانی گانا سننے کے الزام میں دو مسلم نابالغوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 13 اپریل کو بریلی کے بھوتا تھانہ حلقہ کے سنگھائی مروان گاؤں کے دو نابالغوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔
ملزمان نعیم اوراس کےچچا زاد بھائی ہیں اور ان کی عمر 16 اور 17 سال ہے۔
مقامی رہائشی آشیش کی شکایت پر ان لڑکوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ شکایت گزار نے پاکستان کی حمایت میں گانا بجانے کی مخالفت کی تھی۔
بریلی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ (دیہی) راج کمار اگروال نے کہا کہ موصولہ تحریر کی بنیاد پر جمعرات کو ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
اس معاملے میں پولیس نے پاکستان کی حمایت میں گانا بجانے کے ملزمین کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ معاملہ 13 اپریل کو بریلی ضلع کے بھوتا تھانہ حلقہ کے سنگھائی مروان گاؤں کا ہے۔ ایک گروسری اسٹور پر بیٹھے دو نابالغ مبینہ طور پر اپنے موبائل پر پاکستان کے حق میں نعرے لگانے والا گانا بجا رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ گاؤں کے آشیش پٹیل نے اس گانے پر اعتراض کیا اور اسے فوری طور پر بند کرنے کو کہا، لیکن اس پر دونوں کی آشیش سے جھڑپ ہوگئی۔
پولیس نے بتایا کہ شکایت گزار آشیش نے موبائل پر اس گانے کو بجاتے ہوئے ویڈیو بنایا اور اسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیا۔
شکایت گزار نے بریلی زون کے اے ڈی جی راجکمار کو ویڈیو ٹوئٹ کرکے اس معاملے میں کارروائی کی درخواست کی اور اس سلسلے میں تھانے میں شکایت درج کرائی۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، دونوں چچا زاد بھائیوں کا کہنا ہے کہ ‘انہیں اس بات کا کوئی اندازہ نہیں تھا کہ یہ گانا بجانے کے کیا نتائج ہوں گے۔
متاثرہ کے اہل خانہ نے بتایا کہ دونوں کو 13 اپریل کو شام 5 بجے اٹھایا گیا تھا اور پوری رات پولیس اسٹیشن میں حراست میں رکھا گیا۔
ریکارڈ کردہ ویڈیو کے مطابق، دونوں کے چچا زاد بھائی صدام حسین نے بتایا کہ ان کے چھوٹے بھائی نے گانا صرف 40 سیکنڈ تک چلایا اور وہ بھی غلطی سے۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے بعد میں معافی بھی مانگی لیکن ان کی معافی قبول نہیں کی گئی۔
چھوٹے لڑکے کی رشتہ دار سہانا نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنی گروسری اسٹور سے چند منٹ کے لیے نکلی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وہ حیران ہیں کہ غلطی سے گانا بجانے پر دو بچوں کو کس طرح حراست میں لے لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بچے پڑھے لکھے نہیں ہیں اور انہوں نے اپنی طرف سے غلطی تسلیم کر لی ہے۔
بتادیں کہ دونوں نابالغ پاکستانی چائلڈ آرٹسٹ اور اداکارہ آیت عارف کا گانا پاکستان زندہ باد سن رہے تھے۔
بریلی کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (دیہی) راج کمار اگروال نے کہا کہ شکایت پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔
تاہم، بریلی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) روہت سنگھ سجوان نے کہا، مجھے نہیں معلوم کہ یہ نابالغ رات میں پکڑے گئے تھے یا نہیں کیونکہ مجھے بتایا گیا تھا کہ انہیں آج صبح پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا ہے ایسے معاملات میں نوٹس دینے کا اہتمام ہے کیونکہ ریکارڈ شدہ ویڈیو کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ میں ایک سینئر پولیس اہلکار سے کہوں گا کہ وہ تحقیقات کی نگرانی کرے اور اس کی رپورٹ پیش کرے۔
قابل ذکر ہے کہ نابالغوں کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 153 بی (قومی یکجہتی کے لیے مضر)، 504 (جان بوجھ کر توہین) اور 506 (مجرمانہ دھمکی) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
Categories: خبریں