خبریں

راجستھان: ادے پور میں ایک شخص کے قتل کے بعد کشیدگی، انٹرنیٹ بند

ادے پور ضلع کے دھان منڈی تھانہ حلقے میں سلائی کا کام کرنے والے ایک شخص کے دن دہاڑےقتل کے بعد کشیدگی کے درمیان وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے امن وامان کی اپیل کرتے ہوئے مجرموں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی یقین دہانی کروائی  ہے۔

(فوٹو بہ شکریہ: اے این آئی)

(فوٹو بہ شکریہ: اے این آئی)

نئی دہلی: راجستھان میں ادے پور ضلع کے دھان منڈی تھانہ حلقہ میں دن دہاڑے ایک شخص کو تیز دھار ہتھیار سے قتل کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ کنہیا لال ساہو (40) کی دھان منڈی علاقے میں ٹیلرنگ کی دکان ہے، جہاں دو افراد ہتھیار لے کر آئے اور ان دو میں سے ایک نے تیز دھار ہتھیار سے درزی کنہیا لال ساہو کوقتل کردیا۔ اس واقعے کے بعد مقامی بازار بند ہو گیا۔

الزام ہے کہ کچھ عرصہ قبل انہوں نے بی جے پی کی سابق  لیڈر نوپور شرما کی حمایت میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا تھا، جس کے لیے انہیں دھمکیاں بھی ملی تھیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق، یہ معاملہ دو کمیونٹی کے درمیان جاری اشتعال انگیز سوشل میڈیا پوسٹ کی سیریز سے متعلق ہے، جس میں ساہو بھی ملزم تھے اور پولیس نے ان سے پوچھ گچھ کی تھی۔

سوشل میڈیا پر وائرل اس  واقعہ کے ویڈیو میں ایک حملہ آور کو ساہو پر تیز دھار دار ہتھیار سے حملہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق، پولیس نے بتایا کہ دونوں ملزمین ناپ دینے کے بہانے دکان پر آئے تھے اور واقعے کے بعد انہوں نے قتل کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ایک ویڈیو بھی جاری کیا ہے۔

ادے پور کے کلکٹر تارا چند مینا نے کہا ، مجرم کی کوئی ذات نہیں ہوتی۔ قانون اپناکام کر رہا ہے اور ملزمین کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ متاثرہ خاندان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ جو دفعات ہیں ان کے تحت کارروائی ہوگی۔

دریں اثناء وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث تمام مجرموں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی یقین دہانی کروائی  ہے۔

گہلوت نے ٹوئٹ کیا،میں ادے پور میں قتل کی مذمت کرتا ہوں۔ اس واقعہ میں ملوث تمام مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور پولیس جرم کی تہہ تک جائے گی۔ میں تمام فریقوں سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کرتا ہوں۔ ایسے سنگین  جرم میں ملوث ہر فرد کو سخت ترین سزا دی جائے گی۔

انہوں نے لکھا، میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ اس واقعے کا ویڈیو شیئر کرکے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش نہ کریں۔ ویڈیو شیئر کرنے سے مجرم معاشرے میں نفرت پھیلانے کے اپنے  مقصدمیں  کامیاب ہو گا۔

واقعے کے بعد شہر میں انٹرنیٹ سروس اگلے  24 گھنٹوں کے لیے معطل کر دی گئی ہے۔ اس معاملے کو لے کر مقامی لوگوں نے مالداس بازار کو بند رکھا اور احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق،  راجستھان کے اے ڈی جی (لاء اینڈ آرڈر) ہوا سنگھ گھمریا نے کہا، یہ ایک ایسا واقعہ ہے جس نے عوام کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے کی وجہ سے معاملہ مزید حساس ہو گیا ہے۔ پوری ریاست میں ہم نے ایس پی اور آئی جی سے کہا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں گشت بڑھائیں، اور زیادہ سے زیادہ افسران کو میدان میں اترنے کو کہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا، ایک ڈی آئی جی کو بھیجا گیا ہے جو وہاں (ادے پور میں) کافی عرصہ رہ چکے ہیں۔ افسران کے ساتھ تقریباً 600  کی تعداد میں پولیس فورس بھیجی گئی ہے، کچھ اور فورس  رات تک بھیجی جائے گی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)

Categories: خبریں

Tagged as: , , , ,