خبریں

نامور کامیڈین راجو شری واستو انتقال کر گئے

‘میں نے پیار کیا’، ‘بازی گر’ جیسی کئی فلموں میں کام کر چکے  اور اسٹینڈ اپ کامیڈی شو ‘دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج’ سے شہرت حاصل کرنے والے نامور  کامیڈین راجو شری واستو کو 10 اگست کو جم میں ورزش کے دوران دل کا دورہ پڑا تھا۔ تب سے وہ دہلی کے ایمس اسپتال میں زیر علاج تھے۔

(تصویر: پی ٹی آئی)

(تصویر: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: نامور کامیڈین راجو شری واستو بدھ کو دہلی کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے۔ ان کے بھائی دیپو شری واستو نے یہ جانکاری دی۔

راجو کی عمر 58 سال تھی اور وہ 40 دن سے زیادہ سے اسپتال میں زیر علاج  تھے۔

دہلی کے ایک ہوٹل میں ورزش کے دوران 10 اگست کو انہیں دل کا دورہ پڑا تھا۔ اس کے بعد انہیں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کی ‘انجیو پلاسٹی’ کی گئی تھی۔ تب سے وہ وینٹی لیٹر پر تھے اور ہوش میں نہیں آئے ۔

دیپو شری واستو نے بتایا،تقریباً آدھا گھنٹہ پہلے گھر والوں نے مجھے فون کیا اور ان کے گزر جانے  کی اطلاع دی۔ وہ 40 دن سے زیادہ سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔

اسپتال کے سرکاری ذرائع کے مطابق راجو شری واستو کو صبح تقریباً 10.20 بجے مردہ قرار دیا گیا۔

تاہم گزشتہ ہفتے ان کی صحت میں بہتری آئی تھی۔ جمعہ کو ان کی صحت کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے چھوٹے بھائی دیپو نے بتایا تھا کہ وہ آہستہ آہستہ ٹھیک ہو رہے ہیں۔ حالاں کہ وہ  اس وقت بھی  بے ہوش تھے۔

انٹرٹینمنٹ ورلڈ میں 1980 کی دہائی کے اواخر سے سرگرم راجو شری واستو نے کئی فلموں میں چھوٹے موٹے  کردار ادا کرکے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے ‘میں نے پیار کیا’، ‘بازی گر’، ‘بامبے ٹو گوا’ (ری میک) اور ‘آمدانی اٹھنی خرچہ روپیہ’ جیسی فلموں میں کام کیا۔ وہ ‘بگ باس’ کے تیسرے سیزن میں بھی نظر آئے تھے۔

انہیں 2005 میں اسٹینڈ اپ کامیڈی شو ‘دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج’ کے پہلے سیزن میں حصہ لینے کے بعد شہرت ملی تھی۔

وہ اتر پردیش فلم وکاس پریشد کے صدر بھی تھے۔ سیاست اور انٹرٹینمنٹ ورلڈ کے لوگوں نے ان کے انتقال پر تعزیتی پیغام دیے ہیں۔

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ ‘راجو شری واستو اب ہمارے درمیان نہیں رہے۔ میں اتر پردیش کے لوگوں کی طرف سے ان کی روح کے سکون کے لیے دعا کرتا ہوں اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔

وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ شری واستو کی موت آرٹ  کی دنیا کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔

بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، مرکزی وزیر راج ناتھ سنگھ، انوراگ ٹھاکر، اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی، دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال، سماج وادی پارٹی وغیرہ سبھی نے شری واستو کی موت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اسے بہت بڑا نقصان قرار دیا ہے۔

تاریخ دان ایس عرفان حبیب نے ٹوئٹر پر لکھا، ‘ہمارے پاپولر اسٹینڈ اپ کامیڈین راجو شری واستو کے انتقال کے بارے میں سن کر دکھ ہوا۔ سیاست میں آنے سے پہلے، شروع میں ایس پی پھر بی جے پی، انہوں نے کئی دہائیوں تک پورے ہندوستان میں لوگوں کو محظوظ کیا۔ آپ  یاد کیے جائیں گے۔

دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج کے جج رہے شیکھر سمن نے لکھا، ‘راجو سب سے زیادہ ہنسانے والے زندہ شخص تھے۔ ہم سب انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ مجھے کئی شوز میں انہیں جج کرنے کا اعزاز حاصل ہوا، جن میں دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج بھی شامل ہے، جس نے انہیں ناقابل تصور بلندیوں تک پہنچایا۔ وہ منفرد تھے۔

اداکار نیل نتن مکیش نے لکھا، ہمارے پیارے راجو شری واستو بھائی کے انتقال کی خبر واقعی بہت افسوسناک ہے۔ آپ ہمیں اسکرین پر اور اسکرین  کے باہر مسکان  اور ہنسی  کا تحفہ دے کر چلے گئے۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)