خبریں

فلم پان سنگھ تومر کے اسکرین رائٹر سنجے چوہان نہیں رہے

سنجے چوہان نے ‘صاحب بیوی اور گینگسٹر’، ‘دھوپ’، ‘ سلام انڈیا’، ‘رائٹ یا رانگ’، ‘میں نے  گاندھی کو نہیں مارا’ اور ‘آئی ایم کلام’ جیسی فلموں کے لیے رائٹنگ کا کام کیا تھا۔ انہوں نے 2003 میں ریلیز ہونے والی سدھیر مشرا کی ہٹ فلم ‘ہزاروں  خواہشیں ایسی’ کے مکالمے بھی لکھے تھے۔

سنجے چوہان۔ (فوٹوبہ شکریہ: فیس بک)

سنجے چوہان۔ (فوٹوبہ شکریہ: فیس بک)

نئی دہلی: تگمانشو دھولیا کی فلم ‘پان سنگھ تومر’ اور ‘صاحب بیوی اور گینگسٹر’ جیسی فلموں کے اسکرین رائٹر سنجے چوہان کا جمعرات کو رات 11:30 بجے ممبئی کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ وہ  62 سال  کے تھے اور ‘لیور سرروسس’ میں مبتلا تھے۔

چوہان کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ سریتا اور بیٹی سارہ ہیں۔ ان کی آخری رسومات جمعہ کو ادا کی گئی۔

  جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) سے تعلیم حاصل کرنے والے سنجے پہلے نئی دہلی میں صحافی تھے۔ ممبئی آنے سے پہلے انہوں نے 1990 کی دہائی میں سونی ٹی وی کے کرائم ڈرامہ شو ‘بھنور’سے بطور رائٹر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے سدھیر مشرا کی ہٹ فلم ہزاروں خواہشیں ایسی کے لیے مکالمے لکھے، جو 2003 میں ریلیز ہوئی تھی۔

انہوں نے ‘دھوپ’، ‘ سلام انڈیا’، ‘رائٹ یا رانگ’، ‘میں نے گاندھی کو نہیں مارا’، ‘آئی ایم  کلام’ اور ‘صاحب بیوی اور گینگسٹر رٹرنز’ جیسی فلموں میں بھی رائٹنگ کا کام  کیا۔ انہوں نے 2011 میں آئی  فلم ‘آئی ایم کلام’ کے لیے بہترین کہانی کا فلم فیئر ایوارڈ جیتا تھا۔

مدھیہ پردیش کے بھوپال میں پیدا ہونے والے سنجے چوہان کے والد ریلوے میں کام کرتے تھے اور ان کی والدہ ٹیچر تھیں۔

فلمساز نیلمادھب پانڈا نے چوہان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ‘آئی ایم کلام’ دنیا کو ہمیشہ چوہان کی یاد دلاتی رہے گی۔

پانڈا نے کہا، ‘آپ کی رائٹنگ، آپ کے لفظ ہمیشہ ہمارے ساتھ رہیں گے۔ آئی ایم  کلام ہمیشہ دنیا کو یاد دلائے گا کہ آپ کتنے شاندار رائٹر تھے۔ سنجے بھائی آپ بہت جلد ہمیں چھوڑ کر چلے گئے۔ اہل خانہ اور دوستوں سے میری دلی تعزیت۔

اسکرین رائٹر رام کمار سنگھ نے جمعہ کو ٹوئٹ کیا، ‘آج کی صبح بری خبر لے کر آئی ہے۔ ہمارے پیارے سنجے چوہان اب ہم میں نہیں رہے۔ دھوپ، آئی ایم  کلام ، میں نے گاندھی کو نہیں مارا اور پان سنگھ تومر کے رائٹر سنجے چوہان نے آخری سانس لی۔ الوداع سنجے بھائی۔ آپ یاد آئیں گے۔

‘جبریا جوڑی’ کے رائٹر سنجیو کے جھا نے کہا کہ ایسے خاص اور باصلاحیت شخص کو کھونا بہت افسوسناک ہے۔ اداکار گلشن دیویا اور کاسٹنگ ڈائریکٹر مکیش چھابڑا نے بھی اسکرین رائٹر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)