خبریں

اترپردیش: بریلی میں کسان کو مبینہ طور پر چارپائی سے باندھ کر زندہ جلایا

اتر پردیش کے بریلی ضلع کے کرن پور گاؤں کا معاملہ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم میں پتہ چلا  ہےکہ کسان کی موت دم گھٹنے سے ہوئی۔ حالانکہ اہل خانہ  نے دبنگوں  پر قتل کا الزام لگایا ہے۔ پولیس نے کہا کہ اس الزام کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔

(علامتی تصویر،فوٹو:  پی ٹی آئی)

(علامتی تصویر،فوٹو:  پی ٹی آئی)

نئی دہلی: اتر پردیش کے بریلی ضلع میں سنیچر  (1 اپریل) کی دیر رات گئے ایک سوئے ہوئے کسان کو نامعلوم حملہ آوروں نے چارپائی سے باندھ کر مبینہ طور پر جلا کر ہلاک کر دیا۔

پولیس کے مطابق، بریلی ضلع کے فرید پور علاقے کے کرن پور گاؤں کے لوگوں  نے اتوار کی صبح جھونپڑی سے دھواں نکلتے دیکھا اور جب وہ موقع پر پہنچے تو لوچن عرف وکیل (45 سال) کی جلی ہوئی لاش ملی۔

انڈین ایکسپریس سے فون پر بات کرتے ہوئے فرید پور پولیس اسٹیشن کے انچارج دیاشنکر نے کہا، ہم نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا، جس میں پتہ چلا کہ کسان کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ہے۔

لوچن کے 22 سالہ بیٹے شیام پال نے بتایا کہ ان کے والد ان کے کھیت میں ایک جھونپڑی میں سوتے تھے اور سنیچر  کی رات  کو وہ گھر میں کھانا کھا نے کے بعد  کھیت میں سو نے کے لیے چلے گئے تھے۔

لوچن کی بیوی ڈال کماری کا 10 سال قبل طویل علالت کے بعد انتقال ہو گیا تھا اور وہ اپنے بیٹے کے ساتھ ایک مشترکہ خاندان میں رہتے ہیں۔

شیامپال نے کہا، ‘میرے والد کی گاؤں میں کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔ مجھے نہیں معلوم کہ ان کو اس قدر وحشیانہ انداز میں کس نے مارا ہوگا۔

ہندوستان کی رپورٹ کے مطابق،  واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد  سی او گورو سنگھ اور انسپکٹر دیاشنکر نے پولیس ٹیم کے ساتھ جائے وقوعہ کا معائنہ کیا تھا۔

انسپکٹر دیاشنکر نے بتایا کہ گاؤں والوں سے اطلاع ملی کہ لوچن  مچھروں سے بچنے کے لیے جھونپڑی میں دھواں کرتا تھا۔ ابتدائی تفتیش میں اسی سے بستر میں آگ لگنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حالانکہ اہل خانہ  نے دبنگوں  پر قتل کا الزام لگایا ہے۔ اس پر انسپکٹر نے کہا کہ اہل خانہ کے الزامات کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔