کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے ایس آئی آر ووٹ چوری کو چھپانے اور اسے ادارہ جاتی بنانے کا عمل ہے۔ وہیں، تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے کہا کہ ایس آئی آر کا فارم الجھن اور پیچیدگیوں سے بھرا ہوا ہے، اور عجلت میں اس کو کرنےسے ووٹروں کا نام ہٹنے کا خطرہ ہے۔
الیکشن کمیشن نےبتایا ہے کہ اب گوا، پڈوچیری، چھتیس گڑھ، گجرات، کیرالہ، مدھیہ پردیش، اتر پردیش، راجستھان، مغربی بنگال، تمل ناڈو، انڈمان اور نکوبار جزائر اور لکشدیپ میں ایس آئی آر کرایا جائے گا۔ آسام کو اس عمل سے باہر رکھا گیا ہے۔ بنگال، تمل ناڈو اور کیرالہ کے ساتھ ساتھ آسام میں بھی اگلے سال اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔
وزارت داخلہ نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو غیر قانونی غیر ملکی شہریوں کے لیے ہولڈنگ سینٹر یا حراستی کیمپ بنانے کی ہدایت دی ہے۔ اگر کوئی یہ ثابت نہیں کرپائے کہ وہ غیر ملکی نہیں ہے اور ضمانت نہیں دے پاتا ، تو اسے ان مراکز میں رکھا جائے گا۔