خبریں

سی بی آئی میں تبادلوں کا سلسلہ جاری، ایم ناگیشور راؤ نے 20 افسروں کا تبادلہ کیا

تبادلہ کئے گئے افسروں میں 2 جی گھوٹالے کی جانچ کر رہے ایس پی وویک پریہ درشی اور اسٹر لائٹ پلانٹ کے مظاہرے  کے دوران پولیس فائرنگ میں مارے گئے 13 لوگوں کے معاملے کی جانچ کر رہے افسر اے سرونن بھی شامل ہیں۔

ایم ناگیشور راؤ/ فوٹو: بہ شکریہ فیس بک

ایم ناگیشور راؤ/ فوٹو: بہ شکریہ فیس بک

نئی دہلی: سی بی آئی میں افسروں کے تبادلے کا سلسلہ جاری ہے۔ سوموار کو سی بی آئی کے عبوری ڈائریکٹر ایم ناگیشور راؤ نے ایک ساتھ 20 افسروں کا تبادلہ کر دیا۔ تبادلہ کیے گئے افسروں میں 2 جی گھوٹالہ معاملے کی جانچ کر رہے ایس پی وویک پریہ درشی بھی شامل ہیں جو ایجنسی کے اینٹی کرپشن بیورو کی دہلی یونٹ کے چیف ہیں۔ وویک پریہ درشی کا ٹرانسفر چنڈی گڑھ کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ سال تمل ناڈو کے توتی کورن میں اسٹرلائٹ پلانٹ کی مخالفت میں مظاہرہ کر رہے لوگوں پر پولیس فائرنگ کے دوران 13 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ اس معاملے کی جانچ کر رہے اے سرونن کو بھی تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ ان کو ممبئی کی بینکنگ ، سکیوریٹیزاینڈ فراڈس برانچ میں بھیجا گیا ہے۔یہ برانچ ہیرا کاروباری نیرو مودی اور میہل چوکسی کے علاوہ فراڈ کرنے والے لوگوں کی جانچ کر رہی ہے۔

حکم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سرونن اسٹرلائٹ گولی باری معاملے کی جانچ جاری رکھیں گے۔ تبادلے کے حکم میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ آئینی عدالتوں کے حکم پر کسی بھی معاملے کی جانچ اور نگرانی کرنے افسر یہ کام کرتے رہیں گے۔

این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق؛ سی بی آئی کے اسپیشل ڈپارٹمنٹ میں تعینات پریم گوتم کو ان کے عہدے سے آزاد کر دیا گیا ہے۔ گوتم ایجنسی کے اندر افسروں پر نظر رکھنے کا کام کر رہے تھے۔ گوتم کی جگہ چنڈی گڑھ اسپیشل کرائم برانچ سے آئے رام گوپال لیں گے۔ حالانکہ گوتم اقتصادی معاملوں کی جانچ جاری رکھیں گے۔ ان کو ڈپٹی ڈائریکٹر (پرسنل )کا ایڈیشنل چارج سونپا گیا ہے۔

غور طلب ہے کہ این جی او کامن کاز نے ایم ناگیشور راؤ کو سی بی آئی کا عبوری ڈائریکٹر بنانے کے خلاف سپریم کورٹ میں پی آئی ایل دائر کی ہے۔ اس معاملے میں آر ٹی آئی کارکن انجلی بھاردواج معاون عرضی گزار ہیں، جس میں یہ الزام لگایا گیا ہے کہ سی بی آئی ڈائریکٹر کی تقرری میں حکومت شفافیت پر عمل نہیں کر رہی ہے۔

عرضی میں کہا گیا ہے کہ ناگیشور راؤ کی تقرری اعلیٰ سطحی سلیکشن کمیٹی  کی سفارشوں کی بنیاد پر نہیں کی گئی تھی، جیسا کہDelhi Special Police Establishment(ڈی ایس پی ای) کے تحت لازمی ہے۔سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما اور اسپیشل  ڈائریکٹر راکیش استھانہ کے بیچ ٹکراؤ سامنے آنے کے بعد 24 اکتوبر کو ایم ناگیشور راؤ کو سی بی آئی کے عبوری ڈائریکٹر کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔