خبریں

راہل گاندھی کے حالیہ وعدے پر مایاوتی نے پوچھا، کہیں یہ غریبی ہٹاؤ کی طرح صرف نعرہ تو نہیں ؟

بی ایس پی سپریمو  نے کانگریس اور بی جے پی پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ ان کا ہر وعدہ چھلاوہ ہی ثابت ہوا۔غور طلب ہے کہ سوموار کو راہل گاندھی نے چھتیس گڑھ کے رائے پور میں ایک ریلی کو خطاب کرتے کہا تھا کہ مرکز میں کانگریس کی حکومت بننے پر ہر غریب کے لیے Minimum Income Guarantee scheme لائی جائے گی ۔

بینگلورو میں ایچ ڈی کمارسوامی کی حلف برداری کے دوران اسٹیج پر یو پی اے صدر سونیا گاندھی اور بی ایس پی رہنما مایاوتی (فائل فوٹو : پی ٹی آئی)

بینگلورو میں ایچ ڈی کمارسوامی کی حلف برداری کے دوران اسٹیج پر یو پی اے صدر سونیا گاندھی اور بی ایس پی رہنما مایاوتی (فائل فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی : بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی)سپریمو مایاوتی نے کانگریس صدر راہل گاندھی کے Minimum Income Guarantee scheme کے وعدے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ، کیا سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے غریبی ہٹاؤ کے نعرے کی طرح ہی کانگریس کا یہ  وعدہ بھی جھوٹ تو نہیں ہے ۔

مایا وتی نے خبررساں ایجنسی اے این آئی سے بات چیت میں بی جے پی کو بھی اپنی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ 2014 کے انتخاب کی تشہیر کے دوران وزیر اعظم نریند رمودی نے غیر ملکی بینکوں سے بلیک منی کو واپس لاکر سب کے اکاؤنٹ میں 15-15 لاکھ روپے ڈالنے کا وعدہ کیا تھا ۔لیکن اچھے دنوں کی طرح وہ وعدہ بھی فرضی ثابت ہوا۔ انہوں نے کانگریس اور بی جے پی پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ ان کا ہر وعدہ چھلاوہ ہی ثابت ہوا۔

غور طلب ہے کہ سوموار کو راہل گاندھی نے چھتیس گڑھ کے رائے پور میں ایک ریلی کو خطاب کرتے کہا تھا کہ مرکز میں کانگریس کی حکومت بننے پر ہر غریب کے لیے Minimum Income Guarantee scheme لائی جائے گی ۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اس سسٹم سے ہندوستان کے ہر غریب کو ایک مقرر آمدنی ملے گی اور ایسا ہونے سے ملک میں نہ تو کوئی بھوکا رہے گا اور نہ کوئی غریب ہوگا۔

دریں اثنا بی ایس پی سپریمو نے راہل گاندھی کو جھوٹے انتخابی وعدے نہ کرنے کی نصیحت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کئی ریاستوں میں کانگریس کی حکومت ہے ۔ ایسے میں ملک کی عوام سے کوئی وعدہ کرنے سے پہلے راہل گاندھی کو وہ کام ان ریاستوں میں کرنا چاہیے جہاں ان کی حکومت ہے ۔ اس سے ان کا وعدہ فرضی نہیں لگے گا۔قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا انتخاب کے لیے ایس پی، بی ایس پی نے حال ہی میں اتحاد کیا۔ اس اتحاد کے بعد دونوں پارٹیاں اتر پردیش میں 38-38 سیٹوں پر الیکشن لڑیں گی ۔