خبریں

شہریت بل کی مخالفت میں منی پوری فلمساز لوٹائیں‌ گے پدم شری ایوارڈ

82 سالہ اریبم شیام شرما نے کہا کہ متنازعہ بل کو لےکر لوگوں کے خدشات پر دھیان نہیں دینے والی حکومت کا دیا ہوا ایوارڈ  رکھنا اخلاقی طور پر غلط ہوگا۔

اریبم شیام شرما (فوٹو : وکی  پیڈیا)

اریبم شیام شرما (فوٹو : وکی  پیڈیا)

نئی دہلی: 82 سالہ مشہور منی پوری فلمساز اور موسیقار اریبم شیام شرما نے راجدھانی امپھال میں مرکزی حکومت کے شہریت بل کی مخالفت میں 2006 میں ملے پدم شری ایوارڈ کو واپس کرنے کا اعلان کیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق، شہریت بل کو لےکر پورے مشرقی ہندوستان میں مخالفت ہو رہی ہے۔ اس بل کے ذریعے مرکزی حکومت کی  پڑوسی ممالک کے غیر مسلمانوں کو ہندوستان کی شہریت دینے کی اسکیم ہے۔ افغانستان، پاکستان اور بنگلہ دیش سے ہندو، سکھ، جین، بودھ ، عیسائی اور پارسی لوگوں کو شہریت دینے کا جو بل لایا گیا، اس کو لوک سبھا نے پاس کر دیا ہے۔

بل کو لےکر سماجی کارکنان اور شمال مشرق کی علاقائی پارٹیوں  نے بھی ناراضگی ظاہر کی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ بل مسلم مخالف ہے اور آئندہ انتخابات کو دیکھتے ہوئے بی جے پی ہندتووادی سیاست کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ پچھلے مہینے آسام کی بی جے پی حکومت کو تب بڑا جھٹکا لگا تھا جب 80 کی دہائی میں غیر قانونی مہاجر مخالف تحریک کے دوران اپنی جان گنوانے والے لوگوں کی فیملی کے 8 ممبروں نے حکومت کو ایک ایوارڈ لوٹانے کا فیصلہ لیا تھا۔ دراصل، ان کو یہ ایوارڈ  2016 میں سربانند سونووال حکومت نے دیا تھا۔

بل کی مخالفت کرتے ہوئے ایسی 125 فیملیوں نے گواہاٹی میں ایک ریلی نکال‌کر اپنا ایوارڈ  لوٹایا۔ آسام آندولن  کے دوران اپنی جان گنوانے والے 855 لوگوں کی فیملی اس بل کو اپنی بے عزتی کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ لوک سبھا سے پاس ہو چکے اس بل کو اگلے سیشن میں راجیہ سبھا میں پیش کیا جائے‌گا۔ ایسا مانا جا رہا ہے کہ وہاں حزب مخالف جماعتوں کے ذریعے اس کا خاصا اثر  ہوگا۔ باہری لوگوں کو ملک میں داخلہ دینے کی مخالفت میں لوگ سڑکوں پر اتر رہے ہیں وہیں سماجی گروپوں  نے مذہبی بنیاد پر مہاجروں کے خلاف جانبداری کا الزام لگایا ہے۔

اب تک شمال مشرق کے کم سے کم 4 وزیراعلیٰ  بل کو لےکر خدشہ  کا اظہار کر  چکے ہیں۔ شمال مشرق میں بڑھتی مخالفت کی وجہ سے  مرکزی حکومت سے اس بل کو رد  کروانے کے لئے متحد ہو کر  کوشش کرنے کی سمت میں حال ہی میں میگھالیہ کے وزیراعلیٰ کانراڈ سنگما اور میزورم کے وزیراعلیٰ زورمتھانگا نے دہلی  کا دورہ کیا تھا۔دی ہندو کی خبر کے مطابق، شرما نے کہا کہ متنازعہ بل کو لےکر لوگوں کے خدشات پر دھیان نہیں دینے والی حکومت کا دیا ہوا ایوارڈ  رکھنا اخلاقی طور پر غلط ہوگا۔

شرما کو ان کی 40 سالہ فلمی زندگی میں کئی مشہور فلموں کے لئے نیشنل ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔ ان میں ایماجی ننگ تھم (میرا  بیش قیمتی  بیٹا، 1981)، ایشانو اور سنگائی-دی ڈانسنگ ڈیئر جیسی فلمیں شامل ہیں۔ 1970 کی دہائی میں منی پور میں سینما میں انقلابی تبدیلی لانے کا کریڈٹ ان کو ہی دیا جاتا ہے۔