خبریں

کانگریس سے استعفیٰ دینے کے بعد پرینکا چترویدی شیو سینا میں شامل

پرینکا چترویدی نے اتر پردیش کے متھرا میں پارٹی کے کچھ کارکنوں کے ذریعے ان کے ساتھ مبینہ طور پر بد سلوکی کی شکایت کی تھی۔ ان کارکنوں کو باہر کا راستہ دکھانے کے بعد پارٹی نے ان کو پھر سے بحال کر دیا تھا، جس سے پرینکا ناراض تھیں۔

ادھو ٹھاکرے کے ساتھ پرینکا چترویدی (فوٹو بشکریہ : اے این آئی)

ادھو ٹھاکرے کے ساتھ پرینکا چترویدی (فوٹو بہ شکریہ : اے این آئی)

نئی دہلی: متھرا میں اپنے ساتھ مبینہ طور پر بد سلوکی کرنے والے کانگریسی کارکنوں  کے خلاف ہوئی انضباطی کارروائی کو رد کئے جانے سے ناراض چل رہی کانگریس کی قومی ترجمان اور پارٹی کے میڈیا سیل کی کنوینر پرینکا چترویدی نے جمعہ کو پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔انہوں نے اپنے سرکاری ٹوئٹر ہینڈل سے پارٹی کے ترجمان ہونے کا ذکر ہٹا دیا ہے۔ کانگریس سے استعفیٰ دینے کے بعد وہ شیوسینا میں شامل ہو گئیں۔ شیوسینا چیف  ادھو ٹھاکرے کے گھر ماتوشری میں جمعہ کو پرینکا چترویدی نے پارٹی کی رکنیت لی۔

متھرا معاملے کو لےکر گزشتہ  17 اپریل کو کھل‌کر ناراضگی کا اظہار کرنے  والی پرینکا نے جمعرات کو کانگریس صدر راہل گاندھی کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا۔

پرینکا نے استعفیٰ کے بعد ٹوئٹ کر کےکہا، ‘ پچھلے تین دنوں سے مجھے ملک بھر سے جو حمایت ملی ہے، اس کے لیے میں ممنون  ہوں۔ اس سفر کا حصہ رہے تمام لوگوں کا شکریہ۔ ‘

پرینکا نے اپنے استعفیٰ میں کہا، ‘ میں دس سال پہلے یوا کانگریس کے ممبر کے طور پر کانگریس میں شامل ہوئی تھی، کیونکہ مجھے پارٹی کا نظریہ اور آپ کی (راہل گاندھی کی)  اعتدال پسندی اور ترقی پذیر سیاست میں یقین تھا۔ ان دس سالوں میں مجھے جو بھی ذمہ داری سونپی گئی، اس کو میں نے پوری ذمہ داری اور وابستگی سے نبھایا۔ ‘

انہوں نے کہا، ‘ میں نے پارٹی سے کچھ انعام یا رٹرن نہیں مانگا کیونکہ مجھے امید تھی کہ پارٹی کی  قیادت میری توقعات کا خیال رکھے‌گی۔ پچھلے کچھ ہفتے میں ایسی چیزیں ہوئیں جن سے مجھے اس کا احساس ہو گیا کہ پارٹی   کو میری خدمت کی کوئی قدر نہیں ہے۔ مجھے یہ بھی لگا کہ میں جتنا وقت اس پارٹی  میں رہوں‌گی، مجھے اتنی ہی  اپنی  خود اعتمادی اور خودداری کی قیمت چکانی پڑے‌گی۔ ‘

انہوں نے متھرا کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے چیزوں کو جس طرح سے نظرانداز کیا اس سے واضح ہو گیا ہے کہ اب مجھے کانگریس کے باہر جانا ہوگا۔پرینکا نے یہ بھی کہا کہ وہ راہل گاندھی، ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور کارکنوں  کا احترام  کرتی ہیں۔ اس سے پہلے متھرا میں مبینہ طور پر بد سلوکی کرنے والے کارکنوں  کو پھر سے پارٹی میں واپس لئے جانے پر پرینکا نے کھل کر احتجاج  کیا تھا۔

انہوں نے گزشتہ  17 اپریل کو ٹوئٹ کر کےکہا تھا، ‘ بڑے دکھ کی بات ہے کہ پارٹی خون-پسینہ دےکر کام کرنے والوں کے بجائے مارپیٹ کرنے والے غنڈوں کو زیادہ برتری دیتی ہے۔ پارٹی کے لئے میں نے ناشائستہ زبان سے لےکر ہاتھا پائی تک جھیلی، لیکن پھر بھی جن لوگوں نے مجھے پارٹی کے اندر دھمکی دی، ان کے خلاف بدقسمتی سے کوئی بھی پختہ کارروائی نہیں ہوئی۔ ‘

دراصل، گزشتہ دنوں پرینکا رافیل معاملے پر پریس کانفرنس کرنے کے لئے متھرا میں تھیں، جہاں پارٹی کے کچھ کارکنوں  نے ان کے ساتھ مبینہ طور پر بد سلوکی کی تھی۔ ان کی شکایت پر ان کارکنوں  کو پارٹی سے باہر کا راستہ دکھا دیا گیا تھا۔

بعد میں اتر پردیش کانگریس کمیٹی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کارکنوں  کے ذریعے افسوس ظاہر کرنے کے بعد ان کے خلاف انضباطی کارروائی کو رد کیا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پرینکا ممبئی سے لوک سبھا انتخاب لڑنا چاہ رہی تھیں، لیکن ٹکٹ نہیں ملنے سے بھی ناراض تھیں۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)