خبریں

مہاراشٹر کے گڑھ چرولی میں نکسلیوں کے حملے میں 15 جوان ہلاک

مہاراشٹر کے گڑھ چرولی ضلع‎ میں آئی ڈی ڈی کے ذریعے کئے گئے دھماکے میں جوانوں کو لے جا رہی گاڑی کے ڈرائیور کی بھی موت۔ اس سے پہلے نکسلیوں نے گڑھ چرولی میں ہی سڑک بنا رہی ٹیم کی 25 گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی۔

(فوٹو بہ شکریہ: اے این آئی)

(فوٹو بہ شکریہ: اے این آئی)

نئی دہلی: مہاراشٹر کے گڑھ چرولی میں ایک آئی ای ڈی دھماکے میں بدھ کو پولیس کے 15 جوان ہلاک  ہو گئے۔ علاقے میں نکسلیوں کے ذریعے 25 گاڑیوں کو آگ لگانے کے واقعہ کے کچھ ہی گھنٹے بعد یہ حملہ ہوا۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، واقعہ گڑھ چرولی کے جمبورکھیڑا اور لینڈھاری کے بیچ میں ہوا۔ یہ پولس اہلکار گڑھ چرولی پولیس کی کوئیک رسپانس ٹیم کا حصہ تھے۔گڑھ چرولی رینج کے ڈی آئی جی انکش شندے نے انڈین ایکسپریس سے بات چیت میں کہا ہے، ‘ کرکھیڑا پولیس اسٹیشن سے حفاظتی دستہ کی یہ ٹیم نکلی تھی۔ وہ ایک نجی گاڑی سے پورادا گاؤں جا رہے تھے۔ دھماکہ دوپہر تقریباً 12:30 بجے ہوا۔ ‘

اےاین آئی کے مطابق حملے میں گاڑی کے ڈرائیور کی بھی موت ہو گئی۔نکسلیوں نے جہاں گاڑی جلائے تھے، کیا یہ ٹیم وہاں جا رہی تھی، اس سوال پر ڈی آئی جی نے کہا، ‘ ہم ایسی جگہوں پر نہیں جاتے کیونکہ اکثر اس طرح کے مقامات پر گھات لگاکرحملہ ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔ یہ پولیس اہلکار کہاں  جا رہے تھے، اس کی جانکاری کے لئے مجھے وہاں سے گراؤنڈ رپورٹ منگانی ہوگی۔ ‘

وزیر اعظم نریندر مودی نے حملے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کرکے کہا ہے، ‘ گڑھ چرولی میں جوانوں پر حملے کے  کی مذمت کرتا ہوں۔ میں تمام بہادر جوانوں کو سلام کرتا ہوں۔ ان کی قربانی کو کبھی بھلایا نہیں جا سکے‌گا۔ ہلاک ہونے والوں کے پسماندگان سے میری پوری ہمدردی ہے۔ اس حملے کو انجام دینے والوں کو بخشا نہیں جائے‌گا۔ ‘

مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس نے ٹوئٹ کرکے کہا،’نکسلیوں کے بزدلانہ حملے میں 15 جوانوں کے شہید ہونے کے واقعہ سے غم زدہ ہوں۔ شہیدوں کی فیملی کے ساتھ میری ہمدردی ہے۔ میں گڑھ چرولی کے ڈی آئی جی اور ایس پی سے رابطہ میں ہوں۔ میں نے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے بات کر کےصورتحال کی جانکاری دے دی ہے۔ ‘

وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے ٹوئٹ کرکے کہا ہے، ‘ گڑھ چرولی میں ہوئے تکلیف دہ واقعہ کے بارے میں مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس سے بات کی ہے۔ ہم ریاستی حکومت کو ضروری تعاون دے رہے ہیں۔ مرکزی وزارت داخلہ ریاستی انتظامیہ کے ساتھ لگاتار رابطہ میں ہے۔ ‘ایک دوسرے ٹوئٹ میں راجناتھ سنگھ نے کہا، ‘گڑھ چرولی میں مہاراشٹر پولیس کے جوانوں پر حملہ ایک بزدلانہ حرکت ہے۔ ہمیں جوانوں کی بہادری پر فخر ہے۔ ملک کی خدمت کرتے ہوئے دی گئی ان کی قربانی بےکار نہیں جائے‌گی۔ ان کی فیملی سے پوری ہمدردی ہے۔ ‘

واضح ہو کہ اس سے پہلے نکسلیوں نے گڑھ چرولی ضلع میں ایک سڑک بنانے والی کمپنی کی تقریباً 25 گاڑیوں میں آگ لگا دی تھی۔گڑھ چرولی کے ایس پی شیلیش بلکواڑے نے بتایا کہ یہ واقعہ کرکھیڑا تحصیل کے داداپور میں ہوا۔انہوں نے بتایا،’ماؤوادیوں کا ایک گروپ علی الصبح3:30 بجے داداپور میں جمع ہوا جہاں پچھلے کچھ مہینے سے قومی شاہراہ کی تعمیر کا کام چل رہا ہے۔ ‘

افسر نے بتایا کہ انہوں نے سڑکوں پر کھڑی گاڑیوں میں مٹی کاتیل اور ڈیزل ڈال‌کر آگ لگا دی۔ انہوں نے بتایا،’گاڑیوں میں آگ لگانے کے بعد نکسلی جنگل میں بھاگ گئے۔ تلاشی مہم شروع کی گئی ہے۔ ‘بلکواڑے نے بتایا کہ واقعہ کے بارے میں رسمی شکایت ابھی درج نہیں کی گئی ہے۔