خبریں

کشمیر: دہشت گردانہ حملے میں مغربی بنگال کے 5 مزدوروں کی موت

یہ معاملہ جنوبی کشمیر کے کلگام ضلع کا ہے۔ پولیس کےمطابق، دہشت گردوں کے حملے میں ایک مزدور شدید طور پر زخمی ہو گیا۔ حملے میں ہلاک ہوئے سبھی مزدور مغربی بنگال کے مرشد آباد کے تھے۔

فوٹو: رائٹرس

فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی: جنوبی کشمیر کے کلگام ضلع میں منگل کو دہشت گردوں نے گولی مار کر مغربی بنگال کے 5 مزدوروں کا قتل کر دیا۔ پولیس نے یہ جانکاری دی۔ پولیس کے مطابق،دہشت گردوں کے حملے میں ایک مزدور شدید طور سے زخمی بھی ہو گیا۔ حملے میں ہلاک ہوئے سبھی مزدور مغربی بنگال کے مرشد آباد کے تھے۔

یہ حملہ اس دن ہوا ہے جب یورپی یونین کا ایک وفد آرٹیکل 370 کے تحت جموں وکشمیر کو حاصل خصوصی ریاست کا درجہ واپس لیے جانے کے بعد مقامی لوگوں سے بات کرنے اور ان کا تجربہ جاننے کے لیے کشمیر کے سفر پر ہیں۔ آرٹیکل 370 پر مرکز کے فیصلے کے بعد سے دہشت گرد ٹرک والوں اور مزدوروں خاص کر ان لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جو کشمیر کے باہر سے وادی میں آئے ہیں۔

سوموار کو ادھم پور ضلع کے ایک ٹرک ڈرائیور کو اننت ناگ میں دہشت گردوں نے مار ڈالا تھا۔5 اگست کو آرٹیکل 370 کے زیادہ تر اہتماموں کو ختم کرنے کے اعلان کے بعد دہشت گردوں کے حملے میں مارا جانے والا یہ چوتھا ٹرک ڈرائیور تھا۔24 اکتوبر کو دہشت گردوں نے شوپیاں ضلع میں دو غیر کشمیری ٹرک ڈرائیور وں کا قتل کر دیا تھا۔ 14 اکتوبر کو شوپیاں ضلع میں ہی دو دہشت گردوں نے راجستھان کے نمبر والے ایک ٹرک ڈرائیور کا گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔

دو دن بعد شوپیاں ضلع میں ہی دہشت گردوں کے حملے میں پنجاب کے سیب کاروباری چرن جیت سنگھ کی موت ہو گئی تھی اور سنجیو زخمی ہو گیا تھا۔ پلواما ضلع میں دہشت گردوں نے چھتیس گڑھ کے ایک اینٹ بھٹہ مزدور کا قتل کر دیا تھا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)