خبریں

مغربی بنگال: کووڈ 19 ٹیکہ لگنے کے بعد چار کی حالت بگڑی، ٹیکہ کاری مہم  روکی گئی

معاملہ بردھمان درگاپور علاقے کا ہے،جہاں کورونا کا ٹیکہ  لگائے جانے کے بعد  کچھ لوگوں کی طبیعت بگڑی۔ ریاستی  محکمہ صحت کی جانب سے اب تک لوگوں کے بیمار ہونے کی وجوہات اور ٹیکہ کاری   سے اس کے تعلق  کی تصدیق نہیں کی گئی ہے، لیکن ٹیکہ کاری مہم کو روک دیا گیا ہے۔

(علامتی تصویر،فوٹو: پی ٹی آئی)

(علامتی تصویر،فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی:مغربی بنگال کے بردھمان درگاپور علاقے میں کورونا کا ٹیکہ  لگنے سے چار لوگوں کے بیمار پڑنے کے بعد جمعرات  کو کووڈ 19 ٹیکہ کاری مہم کوروک دیا گیا۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، حالانکہ محکمہ صحت کے کسی اہلکار نے اس واقعہ  کی تصدیق  نہیں کی ہے لیکن ذرا ئع کا کہنا ہے کہ درگاپور کے اسپتال میں چار لوگوں کو نگرانی  میں رکھا گیا ہے۔

ذرائع  کا کہنا ہے کہ ان میں سے ایک شخص کو ہائی بلد پریسرکی پریشانی تھی اور باقی کسی کو کوئی بڑی پریشانی  نہیں تھی۔ریاستی محکمہ صحت کو ابھی ان بیماری کے پیچھےکی وجوہات اور اس کے ٹیکہ سے کسی طرح کے تعلق  کی تصدیق کرنی ہے۔

محکمہ صحت کے ذرائع  کے مطابق، حالانکہ ریاست میں ٹیکہ کاری  سوموار، منگل، جمعہ  اور سنیچر کو کی جاتی  ہے لیکن کچھ مراکز میں اور دنوں پر بھی ٹیکے لگائے جاتے ہیں۔بتا دیں کہ بدھ کو کل 2000 فرنٹ لائن ورکرس کو ٹیکے لگائے گئے تھے جبکہ منگل کو یہ تعداد13693 تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت  کے کو ون ایپ کی رفتار دھیمی تھی اور اس میں کچھ گڑبڑیاں بھی سامنے آئیں۔

اہلکار کا کہنا ہے، ‘ٹیکہ کاری  کے بعد کے منفی اثرات  (اے ای ایف آئی)کی شرح  ابھی بھی کم ہے، جوعام  طور پر مطلوب ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ سرولانس سسٹم صحیح ڈھنگ سے کام کر رہا ہے اور 43000 سے زیادہ  ڈوز کے بعد بھی کسی طرح کا کوئی بڑا منفی اثر سامنے نہیں آیا۔ یہ ایک بڑی کامیابی  ہے اور اس سے ہمارا بھروسہ  بڑھنے میں مدد ملے گی۔ ہمیں مستقبل  میں اور زیادہ ویکسین ڈوز ملنے کی امید ہے۔’

مغربی بنگال میں جمعرات کو کورونا کے 416 معاملے سامنے آئے اور اس دوران نو لوگوں کی موت ہوئی۔ اس کے بعد ریاست میں کو رونا کے کل معاملوں کی تعداد بڑھ کر 5.67 لاکھ سے زیادہ  ہو گئی ہے جبکہ اب تک ریاست میں کورونا سے کل 10089 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔