خبریں

کورونا انفیکشن کے معاملوں میں اضافہ کو انتخاب سے جوڑنا صحیح نہیں: امت شاہ

وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر انہی صوبوں  میں دیکھی جا رہی ہے، جہاں انتخاب نہیں ہے۔ شاہ نے کورونا ٹیکوں کی کمی سے انکار کیا ہے۔

امت شاہ۔ (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

امت شاہ۔ (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی:وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ کورونا مہاماری کی دوسری لہرانہی صوبوں  میں ہے، جہاں انتخاب نہیں ہو رہا ہے، اس لیےانفیکشن میں اضافہ کو انتخاب سے جوڑنا صحیح نہیں ہے۔انڈین ایکسپریس کے مطابق، شاہ نے جمعہ  کو کہا کہ ‘ابھی جلدبازی میں لاک ڈاؤن لگانے کی ضرورت نہیں ہے۔’انہوں نے دعویٰ کیاکہ سرکار پوری طاقت سے اس لڑائی کو لڑ رہی ہے اور وہ  اس کو جیت لیں گے۔

امت شاہ نے کہا، ‘دیکھیے مہاراشٹر میں انتخاب ہے کیا؟ ادھر 60000 کیس ہیں، ادھر 4000 ہیں۔ مہاراشٹر کے لیے بھی مجھے ہمدردی  ہے۔ اور اس کے لیےبھی ہمدردی ہے۔ اس کو انتخاب کے ساتھ جوڑنا ٹھیک نہیں ہے۔ جن جن صوبوں میں انتخاب ہوا؟ جہاں انتخاب نہیں ہوا ہے، ادھر زیادہ بڑھے۔ اب آپ کیا کہیں گے؟’

یہ پوچھے جانے پر کہ پہلی لہر کے برعکس  اس بار مرکز بہت سنجیدہ نہیں دکھائی دے رہا ہے، شاہ نے کہا، ‘یہ صحیح نہیں ہے۔ وزرائے اعلیٰ  کے ساتھ دو بیٹھکیں ہوئی تھیں اور میں بھی وہاں موجود تھا۔ ٹیکہ کاری کو لے کرسائنسدانوں  کے ساتھ صلاح مشورہ ہوا ہے، پوری طاقت کے ساتھ اس کے خلاف لڑائی چل رہی ہے۔’

کورونا ٹیکوں کی کمی کو لےکر صوبوں کی جانب سے کی گئی شکایتوں کے بارے میں وزیر داخلہ نے کہا، ‘ہماری  ٹیکہ کاری کا پروگرام  دنیا میں سب سے تیز ہے۔ پہلے 10دنوں میں دنیا میں سب سے زیادہ ٹیکہ  ہندوستان  میں لگا تھا۔ پہلی ڈوز ملنے کے بعد اس میں گیپ آئےگا ہی، کیونکہ دوسری ڈوز لگنے میں وقت لگتا ہے اور اسے تیز نہیں کیا جا سکتا ہے۔ میں اس سےمتفق  نہیں ہوں کہ ٹیکے کی کمی ہے۔’

امت شاہ نے کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ کورونا کی یہ دوسری لہر وائرس کے نئے روپ کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا، ‘دنیا بھر میں اس طرح کی لہر دیکھی جا رہی ہے۔ سائنسدں  اس کا مطالعہ  کر رہے ہیں، ابھی اس پر کچھ بھی نتیجہ نکالنا جلدبازی ہوگی۔’

معلوم ہو کہ ملک میں کووڈ 19 کی دوسری لہر کے دوران انفیکشن کے معاملوں میں بےتحاشہ اضافہ  اور روزانہ ہزاروں موت کے بعد مغربی  بنگال میں ہونے والے انتخابی ریلیوں پر بھی سنگین سوال اٹھ رہے ہیں۔سبھی پارٹیوں کے رہنماؤں سے گزارش کی جا رہی ہے کہ وہ  موجودہ صورتحال کو دھیان میں رکھتے ہوئے عوامی ریلیوں کو رد کریں۔

وہیں الیکشن کمیشن نے بھی مغربی  بنگال میں باقی بچے مرحلوں  کو سمیٹتے ہوئے ایک ہی مرحلےمیں انتخاب کرانے کی مانگ کو خارج کر دیا ہے۔کمیشن  نے صرف شام سات سے صبح 10 بجے کے بیچ ریلیوں پرپابندی  لگادی ہے۔

اس بیچ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کووڈ 19بحران  کے مد نظرمغربی  بنگال میں اپنی تمام  ریلیوں کو رد کر دیا ہے اور دیگر سیاسی پارٹیوں  کو بھی اس بارے میں سوچنے کے لیے کہا ہے۔