خبریں

ہند مخالف قوتیں کورونا کا سہارا لے کر ملک میں عدم اعتماد کا ماحول بنا سکتی ہیں: آر ایس ایس

آر ایس ایس کے جنرل سکریٹری دتاتریہ ہوس بولے نے کہا کہ ملک  کے لوگوں کو موجودہ صورتحال  سے نمٹنے کے لیے مثبت  ماحول بنانے کے علاوہ ملک مخالف  طاقتوں سے بھی محتاط رہنا چاہیے۔

آر ایس ایس کے جنرل سکریٹری  دتاتریہ ہوس بولے۔ (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

آر ایس ایس کے جنرل سکریٹری  دتاتریہ ہوس بولے۔ (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی:آر ایس ایس نے لوگوں سے ہندوستان مخالف  اورتخریبی قوتوں  کی سازشوں سےہوشیار  رہنے کی اپیل کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایسی طاقتیں کووڈ -19کی دوسری لہر کی وجہ سے پیدا شدہ ناخوشگوار حالات  کا فائدہ  اٹھاکر ملک میں منفی اورعدم اعتماد کا ماحول بنا سکتی ہیں۔

آر ایس ایس کے جنرل سکریٹری دتاتریہ ہوس بولے نے سنگھ اوراپنے رضاکاروں کے علاوہ  سماجی اور مذہبی تنظیموں  سے ان چیلنجزسے نمٹنے میں آگے آنے کو کہا۔غورطلب ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی وجہ سے کئی صوبوں میں سنگین چیلنجزپیداہو گئے ہیں۔ کئی صوبوں میں اسپتالوں میں میڈیکل آکسیجن کی کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

ملک میں کووڈ 19کے ایک دن میں349691 نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ اتوارکو انفیکشن کے کل معاملے بڑھ کر 16960172 ہو گئے۔ وہیں،2767 متاثرین  کی موت ہونے سے مہلوکین  کی تعداد بڑھ کر 192311 ہو گئی۔

آر ایس ایس کے بیان میں ہوس بولے کے حوالے سے کہا گیا ہے، ‘ایسی حالت  میں ممکن ہے کہ ہندوستان مخالف قوتیں  فائدہ  اٹھاکر ملک میں منفی  اورعدم اعتمادکا ماحول  بنائے۔ ایسے میں لوگوں کو تخریبی طاقتوں کی سازشوں  سے محتاط  رہنا چاہیے۔’

سنگھ میں نمبر 2 کے عہدے پر قابض ہوس بولے نے کہا کہ ملک  کے لوگوں کو حالات سے نمٹنے کے لیےمثبت ماحول بنانے کے علاوہ ایسی ملک مخالف  طاقتوں سے بھی ہوشیار رہنا چاہیے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ آر ایس ایس کارکن سماج کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے ملک بھر میں مختلف طرح  کی خدمات  کو فعال طریقےسے چلا رہے ہیں۔

سنگھ کی جانب سےسے جنرل سکریٹری  نے میڈیا سمیت سماج کے تمام طبقوں  سے اپیل کی کہ سماج میں مثبت  ماحول اور امید بنائے رکھنے میں اپنی خدمات دیں۔ انہوں نے کہا، ‘جو لوگ سوشل میڈیا پر ہیں، انہیں صبروتحمل  اوراحتیاط سے  رہنا چاہیے۔’

ہوس بولے نے کہا کہ اس بار مہاماری کی صورتحال  زیادہ سنگین  ہے، لیکن سماج کی طاقت  کافی زیادہ  ہے۔ بڑے سے بڑے بحران  سے نمٹنے میں ہماری صلاحیت  کے بارے میں دنیا کو پتہ ہے۔ ہمارا پختہ یقین  ہے کہ صبروتحمل اور ڈسپلن  اور آپسی تعاون کے ساتھ ہم صورتحال  سے نمٹ لیں گے۔

مہاماری کے بیچ ہیلتھ سسٹم  کی قابل رحم حالت  اور آکسیجن کی کمی پر ہوس بولے نے کہا، ‘اچانک صورتحال  بگڑنے کی وجہ سے لوگوں کو بیڈ، آکسیجن اور ضروری دواؤں کی اسپتال میں کمی ہو رہی ہے۔ ہندوستان  جیسے بڑے سماج میں پریشانیاں  بہت خوفناک ہو جاتی ہیں۔ اس کا حل  کرنے کے لیےصوبوں اورمرکز کی جانب سے قدم اٹھائے جا رہے ہیں۔’

سنگھ کے رہنما نے لوگوں سے ماسک پہننے، صاف صفائی رکھنے، سماج دوری بنانے، آیورویدک کاڑھا پینے، ٹیکہ کاری پر زور دینے کو لےکر بیداری  پھیلانے کی اپیل کی ہے۔

 (خبررساں  ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)