خبریں

گزشتہ پانچ سالوں میں مرکزی حکومت نے اشتہارات پر 3723.38 کروڑ روپے خرچ کیے

راجیہ سبھا میں ایک سوال کے جواب میں اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ رواں مالی سال میں اب تک مرکزی حکومت نے اشتہارات پر 154.07 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔ منگل کو ٹھاکر نے لوک سبھا میں بتایا تھاکہ 2014 سے مرکز نے پرنٹ اور الکٹرانک میڈیا کے اشتہارات پر 6491.56 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔

(تصویر: پی ٹی آئی)

(تصویر: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے جمعرات کو راجیہ سبھا کو بتایا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران حکومت نے اپنی پالیسیوں اور پروگراموں کی تشہیر پر سنٹرل بیورو آف کمیونی کیشن (سی بی سی) کے ذریعے 3723.38 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔

انہوں نے ایک سوال کے تحریری جواب میں یہ جانکاری ایوان بالا کودی اور کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں اشتہارات اورپرچار پر حکومت کے اخراجات میں اضافہ نہیں ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2017-18 میں اشتہارات پر 1220.89 کروڑ روپے خرچ کیے گئے تھے جبکہ 19-2018 میں 1106.88 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ۔

ٹھاکر نے کہا کہ حکومت نے 2019-20 میں اشتہارات پر 627.67 کروڑ روپے خرچ کیے جبکہ 2020-21 میں 349.09 کروڑ روپے اور 2021-22 میں 264.78 کروڑ روپے خرچ کیے۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ مالی سال میں 9 دسمبر 2022 تک حکومت نے اشتہارات پر 154.07 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔

کانگریس کے رکن سید ناصر حسین نے سوال کیا تھاکہ کیا حکومت کو اس بات کا علم ہے کہ پچھلے کچھ سالوں میں اشتہارات اور پرچار پر ہونے والے اخراجات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے؟

حسین کے سوال کے جواب میں ٹھاکر نے کہا، مذکورہ اعداد و شمار کے مطابق، پچھلے کچھ سالوں میں اشتہارات اور پرچار پر ہونے والے اخراجات میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق، قبل ازیں منگل کو ٹھاکر نے لوک سبھا کو بتایا تھا کہ 2014 میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے  بعد سےآٹھ سالوں میں مرکز نے پرنٹ اور الکٹرانک میڈیا میں اشتہارات پر 6491.56 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔

ان کے جواب کے مطابق، حکومت نے ان سالوں کے دوران الکٹرانک میڈیا میں اشتہارات پر 3260.79 کروڑ روپے اور پرنٹ میڈیا میں 3230.77 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔

مرکزی وزیر نے سی پی آئی کے رکن پارلیامنٹ منین سیلواراج کے ایک زبانی سوال کا جواب دیتے ہوئے اس ڈیٹا کا اشتراک کیا تھا۔ سیلوااراج نے 2014 سے اب تک حکومت کے ذریعہ کیے گئے اشتہارات پر ہونے والے اخراجات کا سال کے حساب سے بریک اپ طلب کیا تھا۔ سیلوااراج نے دی گئی مدت کے دوران غیر ملکی میڈیا میں دیے گئےاشتہارات پر ہونے والے کل اخراجات کی تفصیلات بھی مانگی تھیں۔

حکومت نے کہا کہ اس نے مالی سال 2016-17 میں الکٹرانک میڈیا پر سب سے زیادہ رقم خرچ کی جب اس نے اس میڈیم میں اشتہارات پر 609.15 کروڑ روپے خرچ کیے تھے۔ اس سے پہلے اس کا خرچ 2015-16 میں 531.60 کروڑ روپے اور 2018-19 میں 514.28 کروڑ روپے تھا۔

ٹھاکر نے کہا کہ اس سال 7 دسمبر تک حکومت نے الکٹرانک میڈیا میں اشتہارات پر 76.84 کروڑ روپے خرچ کیے۔

پرنٹ میڈیا میں دیے گئے اشتہاری اخراجات کے بارے میں ٹھاکر نے کہا کہ 2017-18 میں اس میڈیم پر سب سے زیادہ خرچ 636.09 کروڑ روپے  ہواتھا۔ یہ خرچ 2015-16 میں 508.22 کروڑ روپے اور 2016-17 میں 468.53 کروڑ روپے تھا۔ اس سال 7 دسمبر تک حکومت پرنٹ میڈیا میں اشتہارات پر 91.96 کروڑ روپے خرچ کیے تھے۔

مرکزی وزیر نے یہ بھی کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات کے ذریعے غیر ملکی میڈیا میں اشتہارات پر حکومت کی کسی وزارت یا محکمہ نے کوئی خرچ نہیں کیا ہے۔

غورطلب  ہے کہ سال 2020 میں ایک آر ٹی آئی درخواست کے جواب میں اطلاعات و نشریات کی وزارت نے بتایا تھا کہ مرکزی حکومت نے 20-2019 کے دوران اشتہارات پر روزانہ اوسطاً 1.95 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔

اخبارات، الکٹرانک میڈیا، ہورڈنگز وغیرہ کے ذریعے حکومت نے اپنی تشہیر کے لیے 2019-20 میں 713.20 کروڑ روپے خرچ کیے تھے۔ اس میں سے 295.05 کروڑ روپے پرنٹ پر، 317.05 کروڑ روپے الکٹرانک میڈیا پر اور 101.10 کروڑ روپے آؤٹ ڈور اشتہار پر خرچ کیے گئے تھے۔

جون 2019 میں ممبئی کے آر ٹی آئی کارکن انل گلگلی کی طرف سے دائر کی گئی درخواست کے جواب میں وزارت نے بتایا  تھاکہ پرنٹ، الکٹرانک، آؤٹ ڈور میڈیا میں اشتہارات پر 3767.26 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔

اس سے ایک سال پہلے گلگلی کی ایک اور آر ٹی آئی درخواست پر وزارت نے مئی 2018 میں بتایا تھا کہ مودی حکومت نے جون 2014 سے اب تک سرکاری اشتہارات پر 4,343.26 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔

دسمبر 2018 کی ایک رپورٹ میں دی وائر نے بتایا تھا کہ کس طرح مودی حکومت میں اشتہارات پر یو پی اے کے مقابلے دگنی رقم خرچ کی گئی ہے۔

لوک سبھا میں اس وقت کے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات راجیہ وردھن سنگھ راٹھور نے بتایا تھا کہ سال 2014 سے 7 دسمبر 2018 تک سرکاری اسکیموں کے اشتیار میں کل 5245.73 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔

یہ یو پی اے حکومت کے 10 سالوں میں خرچ ہونے والی کل 5040 کروڑ روپے سے بھی زیادہ تھی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)