خبریں

’منفی‘ خبروں کی جانچ کریں افسران، غلط پائے جانے پر میڈیا سے جواب طلب کریں: یوپی سی ایم او

یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے پرنسپل سکریٹری کے ذریعے جاری کردہ ایک ہدایت میں ڈویژنل کمشنروں اور ضلع مجسٹریٹوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے علاقوں کے اخبارات میں شائع ہونے والی ‘منفی خبروں’ کی جانچ کریں۔ اگر پتہ چلےکہ یہ غلط حقائق پر مبنی ہےیا اسے توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے تو میڈیا گروپ/اخبار سے وضاحت طلب کریں۔

یوگی آدتیہ ناتھ۔ (فوٹو بہ شکریہ: فیس بک/@CMO UP)

یوگی آدتیہ ناتھ۔ (فوٹو بہ شکریہ: فیس بک/@CMO UP)

نئی دہلی: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ کے دفتر (سی ایم او) نے ڈویژنل کمشنروں اور ضلع مجسٹریٹوں کو اپنے متعلقہ علاقوں کے روزناموں میں شائع ہونے والی ‘منفی خبروں’ کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق، ہدایت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس طرح کے مواد کی تفصیلات،ریاستی حکومت کے مربوط شکایات کے ازالے کےآن لائن  نظام—آئی جی آر ایس پر اپ لوڈ کریں۔

چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری سنجے پرساد نے اس سلسلے میں ایک خط جاری کیا ہے۔ خط میں پرساد نے کہا کہ منفی خبروں کے حقائق کی فوری طور پر چھان بین ضروری ہے کیونکہ یہ چیزیں حکومت کی شبیہ کو داغدار کرتی ہیں۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق، 16 اگست کو لکھے گئے خط میں یہ بھی کہا گیا ہے، ’اگر ریاستی حکومت کو پتہ چلتا ہے کہ حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے اور ریاستی حکومت یا ضلع انتظامیہ کی شبیہ کو خراب کرنے کے لیے غلط  حقائق کی بنیاد منفی خبریں شائع کی گئی ہیں، تو  متعلقہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ میڈیا گروپ/اخبار کی انتظامیہ سے وضاحت طلب کرنے کے لیے ایک خط بھیجیں گے اور اس کی ایک کاپی محکمہ اطلاعات کو بھیجی جائے گی۔

ہدایات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے کوئی عبوری رپورٹ قبول نہیں کی جائے گی۔