خبریں

نیرج چوپڑہ نے ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کی

چوبیس سالہ نیرج چوپڑا نے ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں مردوں کے جیولین تھرو ایونٹ میں88.17 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ مقابلے میں پاکستان کے ارشد ندیم نے  سلور میڈل حاصل کیا۔ انہوں نے 87.82 میٹر کا تھرو کیا تھا۔ وہیں چیک جمہوریہ کے جیکب واڈلیک نے 86.67 میٹر کے ساتھ براؤنز میڈل جیتا۔

 (تصویر بہ شکریہ: فیس بک/ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ بڈاپیسٹ 23)

(تصویر بہ شکریہ: فیس بک/ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ بڈاپیسٹ 23)

نئی دہلی: اولمپک چیمپئن نیرج چوپڑہ نے ہنگری کے دارالحکومت بڈاپیسٹ میں منعقدہ عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں مردوں کے جیولن تھرو ایونٹ میں گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ کارنامہ انجام دینے والا پہلا ہندوستانی کھلاڑی بن کر تاریخ میں اپنا نام درج کرالیا ہے۔

چوبیس سالہ نیرج نے غیرمعمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی دوسری کوشش میں 88.17 میٹر کی شاندار تھرو کی۔ مقابلے میں پاکستان کے ارشد ندیم نے سلور میڈل حاصل کیا۔ انہوں نے 87.82 میٹر کا تھرو کیا۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، ارشد ہی نیرج چوپڑہ کو چیلنج کرنے کے سب سے قریب تھے۔ ندیم نے کامن ویلتھ گیمز میں 90 میٹر سے زیادہ کی تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا۔ اس مقابلے میں انہوں  نے 74.80 میٹر کے ساتھ سست آغاز کیا، 82.18 تک پہنچے اور پھر 87.82 کے اپنے سب سے بہترین  تھروکے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

اسی مقابلے میں چیک جمہوریہ کے جیکب نے 86.67 میٹر کے ساتھ براؤنز میڈل جیتا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان کے کشور جینا (84.77 میٹر) پانچویں اور ڈی پی منو (84.14 میٹر) چھٹے نمبر پر رہے۔

دو سال پہلے (2021 میں) ٹوکیو اولمپکس میں چوپڑہ کا 87.58 میٹر کا طلائی تمغہ جیتنے والا تاریخی فاصلہ ان کے ٹاپ 10 تھرو میں سے نہیں ہے۔

ان کے 10 بہترین تھرو میں سے نو سمر گیمز کے بعد سےآئے ہیں۔ ان میں سے 89.94 میٹر سب سے اچھااور 88.13 میٹر سب سے چھوٹا ہے۔ چوپڑہ نے اپنے کیرئیر میں 88 میٹر سے زیادہ 10 بار، 85 میٹر سے 26 بار اور 82 میٹر سے زیادہ 37 بار بھالا پھینکا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرس کے مطابق، اس کامیابی پر چوپڑہ نے کہا، ‘یہ بہت اچھا رہا۔ اولمپک گولڈ میڈل کے بعد میں واقعی ورلڈ چیمپئن شپ جیتنا چاہتا تھا۔ میں صرف بھالے کو اور آگے پھینکنا چاہتا تھا۔ یہ قومی ٹیم کے لیےشاندار ہے، لیکن ورلڈ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنا میرا خواب تھا۔’

انہوں نے کہا، ‘یہ ہندوستان کے لیے ایک زبردست چیمپئن شپ رہی ہے اور مجھے اپنے ملک کے لیے ایک اور خطاب لانے پر فخر ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ میں یہاںسب سے اچھا تھرو کرنے والا ہوں۔ میں آج رات اور زیادہ تھروکرنا چاہتا تھا۔ میں 90 میٹر سے زیادہ پھینکنا چاہتا تھا۔ حالانکہ نہیں کر سکا۔ شاید اگلی بار۔’