خبریں

اترپردیش: 8 سال سے اپنی تنخواہ کا مطالبہ کرنے والے سرکاری اسکول کے ٹیچر نے خودکشی کرلی

اتر پردیش کے فرخ آباد ضلع کا معاملہ۔ پولیس نے بتایا کہ جبو پور کے سرکاری مڈل اسکول کے ایک ٹیچر نے مبینہ طور پراپنی آٹھ سال کی تنخواہ کی ادائیگی  مطالبہ کرنے کی وجہ سے توہین کیے جانے کے بعد خودکشی کر لی۔ اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور بلاک ایجوکیشن آفس کے ایک کلرک اور اسکول کے ہیڈ ماسٹر انچارج کو معطل کردیا گیا ہے۔

(علامتی تصویر،بہ شکریہ: پکسابے)

(علامتی تصویر،بہ شکریہ: پکسابے)

نئی دہلی: اترپردیش کے فرخ آباد ضلع میں تعینات ایک سرکاری اسکول کے ٹیچر نےمبینہ طور پر 96 ماہ (8 سال) سے التوا میں پڑی اپنی تنخواہ کی ادائیگی کے مطالبے پر توہین کیے جانے کے بعد زہرکھا کر خودکشی کرلی۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، پولیس نے جمعہ (29 ستمبر) کو بتایا کہ قائم گنج بلاک کے جبو پور میں واقع سرکاری مڈل اسکول کے ٹیچر انل کمار ترپاٹھی (51 سال) نے  گزشتہ بدھ 27 ستمبر کو زہرکھا لیا اور جمعرات کو علاج کے دوران  ان  کی موت ہو گئی۔

پولیس نے بتایا کہ ترپاٹھی نے ایک سوسائیڈ نوٹ چھوڑا ہے، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ بلاک ایجوکیشن آفس (بی ای او) کے کلرک سریندر ناتھ اوستھی، جبو پور مڈل اسکول کے انچارج ہیڈ ماسٹرنردیش کمار گنگوار اور بی ای او (قائم گنج) گری راج سنگھ نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی  اور جب انہوں نے اپنی تنخواہ کی منظوری مانگی تو انہیں خودکشی کے لیے اکسایا۔

پولیس نے کہا کہ ٹیچر کے بیٹے آشیش ترپاٹھی کی شکایت پر تینوں کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 306 (خودکشی کے لیے اکسانا) اور 504 (امن کی خلاف ورزی کرنےکے ارادے سے جان بوجھ کر توہین کرنا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

دریں اثنا، اوستھی اور گنگوار کو معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ فرخ آباد کےبیسک ایجوکیشن افسر گوتم پرساد نے گری راج سنگھ کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے۔

آشیش نے اپنی شکایت میں الزام لگایا کہ الہ آباد ہائی کورٹ اور بیسک ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سےتنخواہ جاری کرنے کے احکامات کے باوجود ان کے والد کی تنخواہ 96 ماہ سے رکی ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا، ‘انہوں نے اپنی شکایات بیسک ایجوکیشن آفیسر اور اسسٹنٹ بیسک ایجوکیشن آفیسر کو سونپی، لیکن ان پر توجہ نہیں دی گئی۔ 27 ستمبر کو انہوں نے اے بی ایس اے کے دفتر میں افسران سے ملاقات کی اور ان سے احکامات پر عمل کرنے کو کہا، لیکن ان کے ساتھ بدسلوکی کی گئی اور انہیں خودکشی کے لیے اکسایا گیا۔ 27ستمبر کو شام 5 بجکر 40 منٹ پر انہوں نے زہر کھا لیا اور علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔