نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گٹ) نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی لیڈروں نے اسرائیل کی حمایت میں ‘تیزی’ دکھائی ہے، لیکن وہ منی پور کے معاملے پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ان کی ‘خاموشی’ مادر وطن میں اس مسئلے (منی پور تشدد) پر ان کے ارادوں کے بارے میں بہت کچھ کہتی ہے۔
نئی دہلی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گٹ) نے سوموار (9 اکتوبر) کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے رہنماؤں نے اسرائیل فلسطین جنگ میں اسرائیل کی حمایت کرنے میں ‘تیزی’ دکھائی، لیکن وہ منی پور کے معاملے پر خاموشی اختیار کی ہوئے ہیں۔
این سی پی کے قومی ترجمان کلائیڈ کرسٹو نے سوشل سائٹ ایکس پر کہا، ‘دنیا میں کہیں بھی بے گناہ لوگوں کا قتل قابل قبول نہیں اور قابل مذمت ہے۔ اسرائیل اور فلسطین کی جنگ میں بے شمار بے گناہ لوگ اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔ بی جے پی اور اس کے لیڈروں نے فوراً بیان دیے۔ انھوں نے اسرائیل میں ہونے والی ہلاکتوں کی مذمت کی اور انھیں ایسا کرنا بھی چاہیے، اس لیے بی جے پی اور اس کے رہنماؤں کو یاد دلانا چاہیے کہ منی پور بھی ہندوستان میں ہی ہے۔’
A reminder to @BJP4India and its leaders, "#Manipur is in #India"#IsraelPalestineWar pic.twitter.com/BwJNRBaIh1
— Clyde Crasto – क्लाईड क्रास्टो (@Clyde_Crasto) October 9, 2023
انہوں نے الزام لگایا کہ اگرچہ بی جے پی لیڈر اسرائیل کی حمایت کرنے اور وہاں لوگوں کے قتل کی مذمت کرنے میں مستعد تھے، لیکن وہ منی پور کے لوگوں کے درد اور تکلیف پر بات کرنے میں شرمناک حد تک ناکام رہے ہیں۔
کراسٹو نے کہا کہ بی جے پی لیڈروں کی ‘خاموشی’مادر وطن میں اس مسئلہ (منی پور تشدد) پر ان کے ارادوں کے بارے میں بہت کچھ بتاتی ہے۔
انہوں نے کہا، ‘سفارتی تعلقات اہم ہیں، لیکن ہمارے شہریوں کی زندگی اور ان کی بھلائی کہیں زیادہ اہم ہے، بی جے پی کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے۔’
Categories: خبریں