خبریں

مرکزی کابینہ کو بھیجی گئی وزارت کی تجویز میں ’انڈیا‘ کی جگہ ’بھارت‘ لکھا گیا

این سی ای آر ٹی کی ایک کمیٹی کی جانب سے حال ہی میں اسکول کی نصابی کتابوں میں ‘انڈیا’ کی جگہ ‘بھارت’ لکھنے کی سفارش کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ ریلوے کی وزارت نے مرکزی کابینہ کو بھیجی گئی ایک تجویز میں ‘انڈیا’ کو ہٹا کر ‘بھارت’ لکھا ہے۔

(علامتی تصویر بہ شکریہ: پی آئی بی)

(علامتی تصویر بہ شکریہ: پی آئی بی)

نئی دہلی: نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (این سی ای آر ٹی) کی جانب سے اسکول کی نصابی کتابوں میں ‘انڈیا’ کی جگہ ‘بھارت’ لکھنے کی حالیہ سفارش کے بعد اب ریلوے کی وزارت نے مرکزی کابینہ کو ایک تجویز پیش کی ہے، جس میں اس کے پورے مواد  سے’انڈیا’ کو ہٹا کر ‘بھارت’ لکھا گیا ہے۔

یہ شاید کابینہ کی پہلی تجویز ہے،جس میں ہر جگہ انڈیا کی جگہ ’بھارت‘ کا استعمال کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ نریندر مودی انتظامیہ کی جانب سے انڈیا کے بجائے’بھارت’ نام  لکھنے کی حالیہ ترجیح کے مطابق ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق،  ذرائع نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں سرکاری دستاویزوں میں’بھارت’ کا  زیادہ استعمال ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘انڈیا’ اور ‘بھارت’ کو آئین میں ایک دوسرے کے ساتھ استعمال کیا گیا ہے اور کابینہ کی قراردادوں میں اسے استعمال کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔

انڈیا کا سرکاری نام ‘بھارت’ کرنے کی خبر نے اس وقت بڑا تنازع کھڑا کر دیا  تھاجب ہندوستانی صدر کی جانب سےجی —20  عشائیہ  کے دعوت  نامےپر ‘پریسیڈنٹ آف انڈیا’ کے بجائے ‘پریسیڈنٹ آف بھارت’ لکھا گیا تھا۔ اس پر اپوزیشن جماعتوں نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔

جی —20 کے لیڈروں کے سربراہی اجلاس میں جب وزیر اعظم نریندر مودی نے خطاب کیا تھا تو ان کے سامنے نام کی تختی پر ملک کا نام ‘بھارت’ لکھا گیاتھا۔

اخبار کے مطابق، حالیہ ہفتوں میں سرکاری ریلیز میں ‘انڈیا’ کی جگہ ‘بھارت’ کا استعمال تیزی سے کیا جا رہا ہے۔

اسی ہفتے نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (این سی ای آر ٹی) کی طرف سے اسکول کے نصاب پر نظر ثانی کے لیے تشکیل دی گئی ایک کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ 12ویں جماعت تک کی سوشل سائنس کی نصابی کتابوں میں ‘انڈیا’ کی جگہ ‘بھارت’ لکھا جائے۔