خبریں

اتر پردیش میں پچھلے سال خواتین کے خلاف جرائم کے سب سے زیادہ واقعات درج ہوئے: رپورٹ

نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کی 2022 کی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت والی اتر پردیش میں خواتین کے خلاف جرائم کے 65743 واقعات درج کیے گئے، اس کے بعد مہاراشٹر میں 45331 اور راجستھان میں 45058 مقدمات درج کیے گئے۔

(تصویر بہ شکریہ: پکسابے)

(تصویر بہ شکریہ: پکسابے)

نئی دہلی: نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کی 2022 کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ سال ملک کی 28 ریاستوں میں سے اتر پردیش میں خواتین کے خلاف سب سے زیادہ جرائم کے واقعات درج کیے گئے۔

دی ٹیلی گراف کے مطابق، یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت والی اتر پردیش میں خواتین کے خلاف جرائم کے 65743 واقعات درج ہوئے، اس کے بعد مہاراشٹر میں 45331 اور راجستھان میں 45058 مقدمات درج ہوئے۔

اس سے پہلے سال 2021 میں اتر پردیش میں خواتین کے خلاف جرائم کے 56083 کیس درج ہوئے تھے اور اس وقت راجستھان (40738) دوسرے نمبر پر تھا۔

این سی آر بی کی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ سال 2022 میں ملک بھر میں خواتین کے خلاف جرائم کے کل 4,45256 مقدمات درج کیے گئے، جو 2021 میں درج کیے گئے 428278 مقدمات سے چار فیصد زیادہ ہے۔

زیادہ تر معاملات شوہر یا اس کے رشتہ داروں کی طرف سے ظلم و ستم کے تھے، اس کے بعد اغوا، عورت کے وقار کو مجروح کرنے کے ارادے سے حملہ، اور ریپ کے معاملے تھے۔

اس کے علاوہ سال 2022 میں ’حکومت کے خلاف جرائم‘ کے لیے تقریباً 5610 مقدمات درج کیے گئے، جو 2021 میں 5164 تھے، جو 8.6 فیصد کے اضافہ کوظاہر کرتا ہے۔

ان 5610 مقدمات میں سے 4403 عوامی املاک کو نقصان کی روک تھام کے قانون کے تحت اور 1005 انسداد دہشت گردی غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت درج کیے گئے تھے۔

ہندوستان میں 2022 میں سائبر کرائم کے 65893 معاملے درج کیے گئے، جو 2021 میں درج کیے گئے 52974 معاملے سے 24.4 فیصد زیادہ ہے۔