این سی آر بی کی سالانہ رپورٹ کے مطابق، 2022 میں ملک میں اغوا کے 107588 کیس درج کیے گئے جبکہ 2021 میں یہ تعداد 101707 اور 2020 میں 84805 تھی۔ اس معاملے میں اتر پردیش پہلے نمبر پر رہا۔
نئی دہلی: نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کی رپورٹ کے مطابق، سال 2022 میں ہندوستان میں اغوا کے ایک لاکھ سے زیادہ معاملے درج کیے گئے۔ اوسطاً، روزانہ 294 سے زیادہ یا ہر گھنٹے میں 12 سے زیادہ معاملے درج کیے گئے۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، اس معاملے میں اتر پردیش پہلے نمبر پر رہا۔ مرکزی وزارت داخلہ کے تحت کام کرنے والے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) نے اپنی سالانہ کرائم رپورٹ میں کہا ہے کہ 2022 میں ملک میں اغوا کے 107588 کیس درج کیے گئے، جبکہ 2021 میں یہ تعداد 101707 اور 2020میں 84805 تھی۔
رپورٹ کے مطابق، 2022 کے دوران 21278 مرد، 88861 خواتین اور ایک خواجہ سرا سمیت مجموعی طور پر 110140 افراد کے اغوا کیے جانے کی رپورٹ درج ہوئی تھی، جن میں 76069 بچے تھے – 13970 لڑکے اور 62099 لڑکیاں۔ کل 34071 بالغان میں 7308 مرد، 26762 خواتین اور ایک خواجہ سرا شامل تھے۔
این سی آر بی نے کہا کہ 2022 کے دوران کل 117083 اغوا کیے گئے لوگوں میں سے 21199 مرد، 95883 خواتین اور ایک خواجہ سرا تھے، جن میں سے 116109 کو زندہ بچایا گیا اور 974 مردہ پائے گئے۔
این سی آر بی کی رپورٹ کے مطابق، 2022 میں دہلی میں اغوا کی 5641 ایف آئی آر درج کی گئیں۔ 2021 اور 2020 میں یہ تعداد بالترتیب 5527 اور 4062 تھی۔
این سی آر بی کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ قومی راجدھانی میں فی لاکھ آبادی میں سب سے زیادہ جرائم کی شرح 26.7 تھی اور ملک بھر کی تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے مقابلے میں سب سے بدترین چارج شیٹ شرح 7.8بھی یہیں درج کی گئی۔
این سی آر بی کے اعداد و شمار کے مطابق، اتر پردیش میں 2022 میں زیادہ سے زیادہ 16262 کیس درج ہوئے، جو 2021 میں 14554 اور 2020 میں 12913 تھے۔ تاہم، ریاست میں جرائم کی شرح 6.9 تھی اور چارج شیٹ داخل کرنے کی شرح 43.7 تھی جو کہ قومی اوسط سے بہتر ہے۔
سال 2022 میں مہاراشٹر میں اس طرح کے 12260 کیس درج ہوئے، جو 2021 میں 10502 اور 2020 میں 8103 تھے۔ جرائم کی شرح 9.8 تھی اور چارج شیٹ داخل کرنے کی شرح 20.9 تھی۔
بہار میں 2022 میں اغوا کی 11822، 2021 میں 10198 اور 2020 میں 7889 ایف آئی آر درج کی گئیں۔ 2022 میں جرائم کی شرح 9.4 تھی جبکہ چارج شیٹ داخل کرنے کی شرح 63 تھی۔
مدھیہ پردیش میں یہ اعداد و شمار 10409 (2022)، 9511 (2021) اور 7320 (2020) تھے۔ 2022 میں جرائم کی شرح 12.1 تھی جبکہ چارج شیٹ دائر کرنے کی شرح 26.2 تھی۔
مغربی بنگال میں یہ اعداد و شمار 8088 (2022)، 8339 (2021) اور 9309 (2020) تھے۔ 2022 میں جرائم کی شرح 8.2 تھی جبکہ چارج شیٹ داخل کرنے کی شرح 69.4 رہی۔
Categories: خبریں