خبریں

سال 2022-23 میں الیکٹورل ٹرسٹوں کے ذریعے دیے گئے عطیات میں سے بی جے پی کو 70 فیصد سے زیادہ ملا: اے ڈی آر

ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز (اے ڈی آر) کے ایک تجزیہ کے مطابق، پانچ الیکٹورل ٹرسٹوں کو مالی سال 2022-23 میں کل 366.49 کروڑ روپے موصول ہوئے، جس میں بی جے پی کو سب سے زیادہ 259.08 کروڑ روپے ملا۔ بی آر ایس کو 90 کروڑ روپے اور وائی ایس آر کانگریس، عآپ اور کانگریس کو مجموعی طور پر 17.40 کروڑ روپے ملے۔

 (علامتی تصویر بہ شکریہ: فیس بک)

(علامتی تصویر بہ شکریہ: فیس بک)

نئی دہلی: انتخابی اصلاحات کے لیے کام کرنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم (این جی او) ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز (اے ڈی آر) کے ایک تجزیہ کے مطابق، پانچ الیکٹورل ٹرسٹوں کو مالی سال 2022-23 میں کل 366.49 کروڑ روپے موصول ہوئے، جن میں بی جے پی کو سب سے زیادہ 259.08 کروڑ روپے کا عطیہ ملا۔

منظور شدہ 18 الیکٹورل ٹرسٹوں میں سے صرف پانچ نے مختلف کارپوریٹ گھرانوں اور اشخاص سے چندہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق، الیکٹورل ٹرسٹ 2013 میں کانگریس کی قیادت والی متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت نے متعارف کرایا تھا۔ الیکٹورل بانڈ اسکیم کی طرح، ان کا مقصد کارپوریشنوں اور افراد کی طرف سے سیاسی جماعتوں کو عطیات کی سہولت فراہم کرنا تھا۔

تاہم، الیکٹورل بانڈ اسکیم عطیہ دہندگان کی معلومات کی رازداری کو یقینی بنانے کی کوشش کرتی ہے۔ وہیں الیکٹورل ٹرسٹوں کو ہر سال افراد اور کمپنیوں کے عطیات اور پارٹیوں کو ان کے عطیات کی رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کرنی ہوتی ہے۔

اے ڈی آر نے کہا کہ 2022-23 میں سینٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکس (سی بی ڈی ٹی) کے ساتھ رجسٹرڈ 18الیکٹورل ٹرسٹوں میں سے 13 نے الیکشن کمیشن کو اپنی شراکت کی تفصیلات پیش کیں اور ان میں سے پانچ کو کارپوریٹ اور کاروباری گھرانوں سے چندہ ملا ہے۔

جبکہ 34 کارپوریٹ اور کاروباری گھرانوں نے پروڈنٹ الیکٹورل ٹرسٹ کو 360 کروڑ روپے سے زیادہ کا تعاون دیا، ایک کمپنی نے سماج الیکٹورل ٹرسٹ کو 2 کروڑ روپے، دو کمپنیوں نے پریبرتن الیکٹورل ٹرسٹ کو 75.50 لاکھ روپے اور دو کمپنیوں نے ٹرائمف الیکٹورل ٹرسٹ کو 50 لاکھ روپے کا تعاون دیا۔

سال 2022-23 میں کل 11 افراد نے الیکٹورل ٹرسٹوں میں چندہ دیا ہے۔ جہاں آٹھ افراد نے پروڈنٹ الیکٹورل ٹرسٹ میں 2.70 کروڑ روپے کا عطیہ کیا، وہیں تین افراد نے انویگوریٹنگ الیکٹورل ٹرسٹ کو 8 لاکھ روپے کا تعاون دیا۔

ان ٹرسٹوں کو موصول ہونے والے کل 366 کروڑ روپے میں سے بی جے پی کو 259.08 کروڑ روپے یا تمام سیاسی جماعتوں کو ملنے والے کل عطیات کا 70.69 فیصد ملا۔ بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس ) کو 90 کروڑ روپے یا 24.56 فیصد کا عطیہ ملا۔

اے ڈی آر نے کہا کہ تین دیگر سیاسی جماعتوں – وائی ایس آر کانگریس، عآپ اور کانگریس – کو مجموعی طور پر 17.40 کروڑ روپے ملے۔

حکومت کی طرف سے بنائے گئے قوانین کے مطابق، الیکٹورل ٹرسٹوں کو مالی سال کے دوران موصول ہونے والی کل شراکت کا کم از کم 95فیصد اور پچھلے مالی سال سے لایا گیا اضافی رقم 31 مارچ سے پہلے اہل سیاسی جماعتوں میں تقسیم کرنے کی ضرورت ہے۔ سال 2022-23 میں ٹرسٹ نے 99.99 فیصد رقم سیاسی جماعتوں میں تقسیم کی ہے۔

Categories: خبریں

Tagged as: , , , ,