خبریں

رام مندر: بار کاؤنسل نے سی جے آئی سے 22 جنوری کو تمام عدالتوں میں چھٹی کی درخواست کی

بار کاؤنسل آف انڈیا کے صدر منن کمار مشرا نے چیف جسٹس (سی جے آئی) ڈی وائی چندر چوڑ کو خط لکھ کر کہا کہ ایودھیا میں رام مندر کا افتتاح 22 جنوری 2024 کو ہونا ہے۔ یہ تقریب ملک بھر کے لاکھوں لوگوں کے لیے انتہائی مذہبی، تاریخی اور ثقافتی اہمیت رکھتی ہے۔

ایودھیا میں بن رہے رام مندر کا مجوزہ ڈیزائن۔ (تصویر بہ شکریہ: X/@ShriRamTeerth)

ایودھیا میں بن رہے رام مندر کا مجوزہ ڈیزائن۔ (تصویر بہ شکریہ: X/@ShriRamTeerth)

نئی دہلی: بار کاؤنسل آف انڈیا (بی سی آئی) کے صدر منن کمار مشرا نے بدھ (17 جنوری) کو چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندر چوڑ کو ایک خط لکھ کر 22 جنوری کو رام مندر کے افتتاح کے موقع پر ملک کی تمام عدالتوں میں چھٹی کی گزارش کی ہے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، سینئر ایڈوکیٹ منن کمار مشرا نے کہا، ‘میں مناسب غور و خوض کے لیے اس اہم قومی اور ثقافتی اہمیت کے حامل معاملے کو آپ کےدھیان میں لانے کے لیے لکھ رہا ہوں۔’

خط میں کہا گیا ہے، ‘جیسا کہ آپ جانتے ہیں، ایودھیا میں شری رام مندر کا افتتاح 22 جنوری 2024 کو ہونا ہے۔ یہ تقریب ملک بھر کے لاکھوں لوگوں کے لیے انتہائی مذہبی، تاریخی اور ثقافتی اہمیت رکھتی ہے، جو ایک دیرینہ خواب کی تعبیر اور قانونی کارروائیوں کے انجام کو پہنچنے کی علامت ہے جو ملک کے ڈھانچے کو طے کرنے میں اہم رہی ہے۔’

اس میں مزید کہا گیا ہے، ’14 اور 22 جنوری 2024 کے درمیان ہونے والی افتتاحی تقریب رسومات اور تقریبات کا سات روزہ پروگرام ہونا ہے۔ اس تقریب کی مذہبی، ثقافتی، قومی اور بین الاقوامی اہمیت کی روشنی میں، میں آپ کے معزز دفتر سے عاجزانہ درخواست کرتا ہوں کہ وہ 22 جنوری کو سپریم کورٹ، ہائی کورٹس، ڈسٹرکٹ کورٹس اور پورے ہندوستان کی دیگر عدالتوں میں تعطیل کا اعلان کرنے پر غور کریں۔’

انہوں نے کہا، ‘یہ تعطیل قانونی برادری اور عدالتی عملے کے ارکان کو ایودھیا اور ملک بھر میں دیگر متعلقہ پروگرام میں حصہ لینے یا ان کا مشاہدہ کرنے کی اجازت دے گی۔’

منن کمار مشرا نے کہا، ‘میں انصاف کے نظام کے مسلسل کام کو یقینی بنانے کی اہمیت کو سمجھتا ہوں اور اس لیے میں تجویز پیش کرتا ہوں کہ جن مقدمات کو فوری توجہ کی ضرورت ہے انہیں خصوصی انتظامات کے ذریعے ایڈجسٹ کیا جاسکتا ہے یا اگر ضروری ہو تو، اگلے ورکنگ ڈے کے لیے ری شیڈول کیا جا سکتا ہے۔’

انہوں نے کہا، ‘میں استدعا کرتا ہوں کہ آپ اس درخواست پر انتہائی ہمدردی کے ساتھ غور کریں گے اور اس تاریخی موقع کو عوام کے جذبات کے مطابق منانے کے لیے مناسب اقدامات کریں گے۔’

رام مندر کی تقریبات پر مرکزی حکومت کے تمام دفاتر میں آدھے دن کی چھٹی

دریں اثنا مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے بتایا ہے کہ ایودھیا میں زیر تعمیر رام مندر کی پران-پرتشٹھاتقریب کے موقع پر مرکزی حکومت کے تمام دفاتر آدھے دن کے لیے بند رہیں گے۔ انڈین ایکسپریس کےمطابق، ڈپارٹمنٹ آف پرسنل اینڈ ٹریننگ (ڈی او پی ٹی) کی طرف سے جاری ایک آفس میمو میں کہا گیا ہے کہ ملازمین کو 22 جنوری کو ہونے والی تقریب میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پورے ہندوستان میں تمام مرکزی حکومت کے دفاتر، مرکزی ادارے اور مرکزی صنعتی ادارے آدھے دن کے لیے دوپہر 2.30 بجے تک بند رہیں گے۔