خبریں

الیکٹورل بانڈ کے توسط سے بی جے پی کو سب سے زیادہ چندہ دینے والی کمپنیاں کون سی ہیں؟

الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، بی جے پی نے 12 اپریل 2019 سے 24 جنوری 2024 کے درمیان کل 6060.5 کروڑ روپے کے الیکٹورل بانڈ کیش کرائے۔

(تصویر بہ شکریہ: X/@BJP4India)

(تصویر بہ شکریہ: X/@BJP4India)

نئی دہلی: الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب اعداد و شمار کے مطابق تمام الیکٹورل بانڈ کا تقریباً نصف حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ملا  ہے۔ اس میں تلنگانہ کی انفرا اسٹرکچر کمپنی میگھا انجینئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹڈ (ایم ای آئی ایل) نے سب سے زیادہ چندہ دیا ہے۔

بتادیں کہ سپریم کورٹ کی سخت ہدایت کے بعد اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے الیکٹورل چندے سے متعلق تمام معلومات الیکشن کمیشن کو سونپ دی تھیں، جس کے بعد کمیشن نے اسے اپنی ویب سائٹ پر شیئر کیا ہے۔ اس اعداد و شمار کے مطابق، بی جے پی نے 12 اپریل 2019 سے 24 جنوری 2024 کے درمیان کل 6060.5 کروڑ روپے کے الیکٹورل بانڈ کیش کرائے، جبکہ مارچ 2018 سے پارٹی کے ذریعے کیش کرائی گئی کل رقم 8251.8 کروڑ روپے ہے ۔

رپورٹ کے مطابق، حیدرآباد کی میگھا انجینئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹڈ (ایم ای آئی ایل) نے بی جے پی کو سب سے زیادہ چندہ دیا ہے۔ کمپنی نے 2019 اور 2023 کے درمیان 966 کروڑ روپے کی اپنی کل بانڈ خریداری میں سے بی جے پی کو 519 کروڑ روپے کا چندہ دیا تھا۔ کمپنی کے پاس  ٹی وی 9 نیٹ ورک میں بھی ایک بڑی حصے داری ہے۔ ایک اور ایم ای آئی  ایل کمپنی، ویسٹرن یوپی پاور ٹرانسمیشن کمپنی لمیٹڈ نے بھی بی جے پی کو اضافی 80 کروڑ روپے کا چندہ دیا ہے۔

بی جے پی کو چندہ دینے والوں میں دوسرا بڑا نام کوئیک سپلائی ہے، جو مبینہ طور پر ریلائنس گروپ سے وابستہ ہے۔ اس کمپنی نے الیکٹورل بانڈ کے ذریعے بی جے پی کو 375 کروڑ روپے کا چندہ دیا۔ اس کے علاوہ بی جے پی کو تیسرا سب سے بڑا الیکٹورل چندہ دینے والوں میں کولکاتہ کے صنعتکار ایم کے جالان سے منسلک کمپنیاں تھیں۔ ان کمپنیوں میں مدن لال لمیٹڈ، کیونٹرس فوڈپارک، ایم کے جے انٹرپرائزز اور سسمل شامل ہیں جنہوں نے بی جے پی کو مجموعی طور پر 339.42 کروڑ روپے کا چندہ دیا ہے۔

جمعرات (21 مارچ) کو سامنے آئے اعداد و شمار میں بی جے پی کے ذریعے کیش کرائے گئے 466.31 کروڑ روپے کے بانڈ نمبروں کا کوئی ملان  ریکارڈ موجودنہیں تھا۔

ایس بی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو شیئر کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق، بی جے پی نے 2019 میں 1505.4 کروڑ روپے کیش کرائے۔ اس سال اپریل اور مئی میں ملک بھر میں عام انتخابات ہوئے تھے۔

بی جے پی کو الیکٹورل بانڈ کے ذریعے  2019 میں چندہ دینے والے تین سب سے بڑے بانڈ خریداروں میں مدن لال لمیٹڈ (175.5 کروڑ روپے)، کیونٹر فوڈپارک انفرا لمیٹڈ (144.5 کروڑ روپے) اور میگھا انجینئرنگ (125 کروڑ روپے) کے نام شامل ہیں۔

معلوم ہو کہ کیونٹر اور مدن لال لمیٹڈ دونوں ایک ہی گروپ سے وابستہ ہیں۔ ایم کے جالان کی دونوں کمپنیوں نے مئی 2019 میں بی جے پی کو 320 کروڑ روپے کے بانڈ جاری کیے تھے۔ اس کے علاوہ، اسی سال اکتوبر میں خاندان کی ملکیت والی ایک اور کمپنی ایم کے جے نے بھی بی جے پی کو 14.42 کروڑ روپے کا اضافی چندہ دیا تھا۔

تاہم، 2020 میں حکمراں پارٹی کے بانڈ کو کیش کرانے میں بڑی گراوٹ دیکھی گئی اور یہ رقم صرف 73.89 کروڑ روپے رہ گئی۔ اس سال بی جے پی کو سر فہرست چندہ دینے والوں میں میں ایپ کو انفراٹیک پرائیویٹ لمیٹڈ، انفینا فنانس اور ایک شخص، راجو کمار شرما تھے۔ ان سب نے پارٹی کو دس — دس کروڑ روپے کا چندہ دیا۔

سال 2021 کی بات کریں تو کورونا وبا کے بعد دوبارہ سیاسی سرگرمیوں کے رفتار پکڑنے  کے بعد بی جے پی کے ملے چندے میں اضافہ دیکھا گیا اور اسے 372 کروڑ روپے ملے۔ اس سال بی جے پی کو سر فہرست تین عطیہ دہندگان میں لاٹری گروپ فیوچر گیمنگ کمپنی (50 کروڑ روپے)، ہلدیا انرجی (35 کروڑ روپے) اور میگھا انجینئرنگ (33 کروڑ روپے) نمایاں رہے۔

بی جے پی نے سال 2022 میں سب سے زیادہ الیکٹورل بانڈ کیش کرائے، جب گوا، اتراکھنڈ، پنجاب، منی پور، اتر پردیش، ہماچل پردیش اور گجرات ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہوئے۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نئے اعداد و شمار کے مطابق، سال 2022 میں بی جے پی نے کل 1763.54 کروڑ روپے کے بانڈ کیش کرائے۔ یہ کسی بھی سال میں کیش کرائے گئے بانڈمیں سب سے زیادہ رقم تھی۔

سال 2022 میں بی جے پی کو سب سے زیادہ چندہ کوئیک سپلائی نے دیا۔ اس کمپنی نے اس سال جنوری اور نومبر میں دو قسطوں میں بانڈ کے ذریعے پارٹی کو 325 کروڑ روپے دیے۔ اس سال دیگر بڑے عطیہ دہندگان میں ویدانتا (176.5 کروڑ روپے) اور میگھا انجینئرنگ (129 کروڑ روپے) کے نام بھی شامل ہیں۔

پچھلے سال 2023 میں، میگھا انجینئرنگ نے بی جے پی کے لیے اپنا چندہ بڑھا کر 297 کروڑ روپے کردیا، جس سے یہ کمپنی اس سال بی جے پی کو عطیہ دہندگان کی فہرست میں سرفہرست رہی۔ اس کے بعد پارٹی کو چندہ دینے والوں میں بھارتی ایئرٹیل بھی شامل ہے، جس نے پارٹی کو 93 کروڑ روپے کا چندہ دیا۔ ایم ای آئی ایل گروپ کی کمپنی ویسٹرن یوپی پاور ٹرانسمیشن نے بھی اس سال بی جے پی کو 80 کروڑ روپے کا چندہ دیا۔ عطیات سے حاصل ہونے والی رقم کے لحاظ سے یہ سال بی جے پی کے لیے بمپر سال ثابت ہوا اور پارٹی نے سال 2023 میں کل 1676.3 کروڑ روپے کے بانڈز کیش کرائے۔

اس سال 2024 میں بھی بی جے پی نے 202 کروڑ روپے کے الیکٹورل بانڈ کیش کرائے۔ اس میں بھارتی ایئرٹیل کی طرف سے 50 کروڑ روپے کا چندہ بھی شامل تھا۔ اس کے بعد کولکاتہ کے رونگٹا اینڈ سنز نے بھی بی جے پی کو 50 کروڑ روپے کا چندہ دیا۔ ٹورینٹ پاور 25 کروڑ روپے کے ساتھ اس سال پارٹی کو چندہ دینے والی تیسری بڑی کمپنی رہی۔

غور طلب ہے کہ اس سال 15 فروری کو سپریم کورٹ نے الیکٹورل بانڈ اسکیم کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے اسے فوری اثر سے ردکر دیا تھا۔ تاہم، بی جے پی نے عدالت کے فیصلے سے پہلے ہی اس سال 202 کروڑ روپے کے الیکٹورل بانڈ کیش کرائےتھے۔