وکی پیڈیا پیج پر اے این آئی کے بارے میں لکھا گیا ہے کہ ‘موجودہ مرکزی حکومت کے لیے پروپیگنڈہ مشنری کے طور پر کام کرنے، فرضی نیوز ویب سائٹس کے موادکو پھیلانے اور واقعات کی غلط رپورٹنگ’ کے لیےایجنسی کی تنقید ہوتی رہی ہے۔’
نئی دہلی: نیوز ایجنسی اے این آئی میڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ نے دہلی ہائی کورٹ میں وکی پیڈیا کے خلاف 2 کروڑ روپے کا ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی نے الزام لگایا ہے کہ وکی پیڈیا نے ایجنسی کی ‘تضحیک آمیز’ تفصیلات پیش کی ہے۔
لائیو لاء کی رپورٹ کے مطابق، جسٹس نوین چاولہ نے مقدمے میں عبوری راحت کی مانگ کرنے والی اے این آئی کی درخواست پر وکی پیڈیا کو نوٹس جاری کیا ہے اور کیس کی اگلی سماعت 20 اگست کو طے کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ، اے این آئی نے عدالت سے وکی پیڈیا کو ایسے مواد شائع کرنے سے روکنے کی مانگ کی ہے، جو مبینہ طور پر نیوز ایجنسی کے پیج کے بارے میں ہتک آمیز ہے۔ اس کے علاوہ نیوز ایجنسی نے اب تک شائع ہونے والے مواد کو ہٹانے اور اے این آئی کو ہونے والے نقصان کے لیے 2 کروڑ روپے کے ہرجانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
لائیو لاء کی خبر میں کہا گیا ہے کہ وکی پیڈیا کے پیج پر اے این آئی کی ‘موجودہ مرکزی حکومت کے لیے پروپیگنڈہ مشنری کے طور پر کام کرنے، فرضی نیوز ویب سائٹس کے وسیع نیٹ ورک سے لیے گئے مواد کو پھیلانے اور واقعات کی غلط رپورٹنگ’ کے لیے تنقید کی گئی ہے۔
اے این آئی کی طرف سے پیش ہونے والے ایڈوکیٹ سدھارتھ کمار نے عدالت کو بتایا کہ تفصیلات میں جس مواد کا ذکر کیا گیا ہے، وہ ہتک آمیز ہے۔
جسٹس چاولہ نے زبانی تبصرہ کیا کہ وکی پیڈیا کو اپنی رائے رکھنے کا حق حاصل ہے اور وہ عدالت کے سامنے اپنے کام کی وضاحت کرے گا۔
عدالت نے کہا، ‘آخر انہیں (وکی پیڈیا) بھی اپنی رائےرکھنے کا حق ہے… وہ آئیں گے اور سمجھائیں گے۔ یہ پوری طرح سے ہتک عزت کا معاملہ ہے۔’
اے این آئی نے وکی میڈیا فاؤنڈیشن اور اس کے عہدیداروں کے خلاف اپنے مقدمے میں کہا ہے کہ وکی پیڈیا نے مبینہ طور پر اے این آئی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور اس کی نیک نیتی کو بدنام کرنے کے متعصب ارادے سے واضح طور پر غلط اور ہتک آمیز مواد شائع کیا ہے۔
Categories: خبریں