خبریں

بہار: خاتون رکن اسمبلی کے بارے میں نتیش کمار کا تضحیک آمیز بیان، بولے – ’ارے عورت ہو، کچھ جانتی نہیں ہو‘

بہار اسمبلی میں مانسون اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نتیش کمار ریزرویشن کے موضوع پر بول رہے تھے، تبھی راشٹریہ جنتا دل کی ایم ایل اے ریکھا پاسوان نے مداخلت کرنے کی کوشش کی تو وہ اپنا آپا کھو بیٹھے۔

نتیش کمار۔ (تصویر بہ شکریہ: سوشل میڈیا ویڈیو اسکرین گریب)

نتیش کمار۔ (تصویر بہ شکریہ: سوشل میڈیا ویڈیو اسکرین گریب)

نئی دہلی: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ایک بار پھر اسمبلی میں عورتوں کے بارے میں  قابل اعتراض تبصرہ کیا ہے۔ بدھ (24 جولائی) کو اپنی تقریر کے دوران انہوں نے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کی ایم ایل اے ریکھا پاسوان کو انگلی دکھاتے ہوئے کہا، ‘ارے مہیلا (عورت) ہو، کچھ جانتی نہیں ہو۔’

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، مانسون اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نتیش کمار ایوان میں ریزرویشن کے موضوع پر اپنے خیالات پیش کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے ریزرویشن کی حد بڑھانے سے متعلق پٹنہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت نے مرکز سے درخواست کی ہے کہ وہ ریزرویشن بڑھانے کی مانگ کو آئین کے 9 ویں شیڈول میں شامل کرے تاکہ اسے قانونی اور آئینی منظوری دی جاسکے۔

اس پر مسوڑھی  سے آر جے ڈی کی ایم ایل اے ریکھا پاسوان مداخلت کرنے کے لیے اپنی سیٹ سے اٹھیں اور کچھ کہنے لگیں، جس پر سی ایم  نے ایوان میں اپناآپا کھو دیا اور ریکھا پاسوان کی طرف ہاتھ دکھاتے ہوئے اونچی آواز میں بولے، ‘ارے عورت ہو، کچھ جانتی نہیں ہو… ان لوگوں (آر جے ڈی) نے کسی عورت کو آگے بڑھایا تھا کیا؟ 2005 کے بعد ہم نے خواتین کو آگے بڑھایا ہے۔ بول  رہی ہو فالتو بات… اسی لیے کہہ رہے ہیں، چپ چاپ  سنو۔‘

ان کے اتنا کہتے ہی ایوان میں ہنگامہ برپا ہو گیا۔ بعد میں جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے ترجمان نیرج کمار نے نتیش کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تقریر کو سیاسی مقصد کے لیے استعمال کرنے کے بجائے پوری طرح سے سنا جانا چاہیے۔

اپوزیشن نے وزیر اعلیٰ کے اس بیان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے خواتین مخالف اور غیر مہذب قرار دیا ہے۔

ایوان میں نتیش کمار کے اس بیان کا کلپ شیئر کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ‘عورت ہو  کچھ جانتی ہو؟ خواتین کے بارے میں اوچھی، غیرمطلوبہ، غیر مہذب، نازیبا اور تضحیک آمیز تبصرے کرنا وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی عادت بن چکی ہے۔ یہ ریاست کے لیے انتہائی سنگین  اور تشویشناک بات ہے۔‘

تیجسوی نے مزید کہا، ‘کچھ دن پہلے بھی سی ایم نے آدی واسی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی بی جے پی کی خاتون ایم ایل اے پر خوبصورتی سے متعلق نازیبا تبصرہ کیا تھا۔ آج دو مرتبہ درج فہرست ذات کی خاتون ایم ایل اے ریکھا پاسوان پر تبصرہ کیا۔ دنیا کے سب سے بڑے عالم،مقرر  اور خالق تو عزت مآب نتیش کمار جی بن چکے ہیں۔ ان کے علاوہ کسی  کو کچھ پتہ نہیں، کسی کو کچھ آتا جاتانہیں۔‘

دریں اثنا جے ڈی یو لیڈر للن سنگھ نے بھی رابڑی دیوی  کو نشانہ بناتے ہوئے  ایک متنازعہ بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ جیسی چیز رابڑی دیوی  کی سمجھ سے بالاتر ہے۔ وہ دستخط اتنا لمبا کرتی ہیں، بجٹ پر کیابولیں گی۔ بتا دیں کہ للن سنگھ مونگیر کے ایم پی اور مرکزی وزیر ہیں۔

غورطلب  ہے کہ اس سے پہلے بھی نتیش کمار کے کئی بیانوں کو لے کر سیاسی ہنگامہ ہو چکا ہے۔ گزشتہ سال نومبر 2023 میں بہار اسمبلی میں ذات پر مبنی مردم شماری کے دوران کرائے گئے اقتصادی سروے پر اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے خواتین کے حوالے سے ایک متنازعہ بیان دیا تھا۔ انہوں نے مردوں اور عورتوں کے جسمانی تعلقات، اقتصادی سروے میں خواتین کی بڑھتی ہوئی خواندگی اورتولیدی  شرح کے حوالے سے تبصرہ کیا تھا، جسے اپوزیشن نے فحش اور توہین آمیز قرار دیا تھا۔