خبریں

آتشی ہوں گی دہلی کی نئی وزیر اعلیٰ

سی ایم اروند کیجریوال شام 4:30 بجے اپنا استعفیٰ پیش کرنے کے لیے لیفٹیننٹ گورنر ہاؤس جائیں گے۔ ایل جی سے ملاقات کے لیے وزیر اعلیٰ کے ساتھ آتشی بھی جائیں گی۔

آتشی منگل (17 ستمبر) کی شام کو وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گی۔ (تصویر بہ شکریہ: فیس بک/آتشی)

آتشی منگل (17 ستمبر) کی شام کو وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گی۔ (تصویر بہ شکریہ: فیس بک/آتشی)

نئی دہلی: آتشی دہلی کی نئی وزیر اعلیٰ ہوں گی ۔ منگل ( 17 ستمبر ) کو اسمبلی اجلاس میں  عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے ارکان  نے آتشی کو اپنا لیڈر منتخب کیا۔ آتشی سشما سوراج اور شیلا دکشت کے بعد دہلی کی وزیر اعلیٰ بننے والی تیسری خاتون ہوں گی۔

اروند کیجریوال کی جانب سے لیفٹیننٹ گورنر کےپاس  استعفیٰ دینے کے بعد آتشی تقریباً 4:30 بجے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لے سکتی ہیں ۔عآپ  لیڈر گوپال رائے نے مطلع کیا ہے کہ سی ایم اروند کیجریوال شام 4:30 بجے اپنا استعفیٰ پیش کرنے کے لیے لیفٹیننٹ گورنر ہاؤس جائیں گے ۔ آتشی بھی وزیر اعلیٰ کے ساتھ ایل جی سے ملاقات کریں گی۔

رائے نے کہا ہے ، ‘آتشی آج ہی عآپ  قانون ساز پارٹی کا فیصلہ ایل جی کو سونپ دیں گی۔ بتادیں کہ آتشی کے پاس سب سے زیادہ وزارتیں ہیں جن میں تعلیم ، خزانہ ، ریونیو ، قانون شامل ہیں۔

اشارے پہلے ہی دیے جا رہے تھے ؟

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، یوم آزادی پر ترنگا لہرانے کے لیے وزیر اعلیٰ کیجریوال نے آتشی کو نامزد کیا تھا۔ لیکن ایسا نہیں ہوا کیونکہ لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوت کو نامزد کر دیا تھا۔

انڈین ایکسپریس نے اپنے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے ، ‘آتشی کاافسران کے ساتھ اچھاتال میل ہے اور وہ جانتی ہیں کہ کام کس طرح کروایا جاتا ہے۔ ‘

کابینہ میں دو نئے ارکان کو شامل کیا جا سکتا ہے

عآپ  کے ایک سینئر لیڈر کے حوالے سے انڈین ایکسپریس نے کہا ہے کہ آتشی کی کابینہ  میں دو نئے ارکان کو شامل کیا جائے گا۔ کابینہ میں دو نئے اراکین کو شامل کرنے کی ضرورت اس لیے پیش آئی کیونکہ کیجریوال کے استعفیٰ سے سات رکنی کابینہ میں ایک اور عہدہ خالی ہو جائے گا۔

کیجریوال نے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔

اتوار  ( 15 ستمبر )  کو پارٹی دفتر میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے اروند کیجریوال نے اپنے استعفیٰ کا اعلان کیا تھا ۔ کیجریوال نے کہا تھا ، ‘میں سی ایم کی کرسی سے استعفیٰ دینے جا رہا ہوں اور جب تک عوام اپنا فیصلہ نہیں دے دیتے میں سی ایم کی کرسی پر نہیں بیٹھوں گا۔ ‘

اپنے خطاب کے دوران کیجریوال نے یہ بھی کہا تھا کہ مہاراشٹر کے انتخابات کے ساتھ ہی دہلی اسمبلی انتخابات کا اعلان کیا جانا چاہیے۔ خیال رہے کہ 2015 سے دہلی اسمبلی انتخابات فروری میں ہو رہے ہیں۔

 اروند کیجریوال نے یہ اعلان اپنا ٹرم  ختم ہونے سے  صرف پانچ ماہ قبل کیا، جس  کے کئی سیاسی  مضمرات  سامنے آرہے ہیں ۔

عام آدمی پارٹی  (عآپ)  کے کنوینر اروند کیجریوال کو 13  ستمبر  کو تہاڑ جیل سے ضمانت پر رہا کیا گیا تھا ۔ وہ دہلی ایکسائز پالیسی میں مبینہ گھپلے کے الزام  میں جیل میں تھے ۔ انہیں  پہلی بار انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے  21  مارچ  2024   کو گرفتار کیا تھا۔ پھر  26  جون  2024  کو انہیں سی بی آئی نے اپنی حراست میں لیا تھا۔